ناجائز منافع خوروں کیلئے شکنجہ تیار, وزیراعلیٰ نے احکامات جاری کردئیے

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بعض سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔وزیراعلی نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو مناسب قیمت پر سبزیوں کی فراہمی کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیںاورقیمتوں کومناسب سطح پر لانے کیلئے ہرممکن اقدام کیاجائے اورمتعلقہ محکمے اورادارے قیمتوں میں استحکام کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھرمیں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول مارکیٹوں اور بازاروں کے خود دورے کرکے نرخوں کا جائزہ لے اورقیمتوں کے ساتھ ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔عوام کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پیاف فاو¿نڈرز الائنس کولاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔دزیر اعلی نے اپنے تہنیتی پیغام میں نومنتخب صدر طاہر جاوید ملک،سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید ،نائب صدر ذیشان خلیل اوردیگر عہدیداروں کے ساتھ فلاحت عمران کو وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز لاہور ڈویژن کی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شہیدلیفٹیننٹ ارسلان عالم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پر اپنا آج قربان کرنے والے پوری قوم کافخرہیں اورقوم شہیدلیفٹیننٹ ارسلان عالم جیسے بہادر سپوتوںکی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم نے جوانمردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہیدلیفٹیننٹ ارسلان عالم نے وطن کے امن کےلئے اپنی قیمتی جان نچھاور کی۔ ہم سب کوپاکستان کی خاطر قربانےاں دےنے والے شہید ارسلان عالم جےسے جری سپوتوں پر ناز ہے ۔پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر افسروں اورجوانوں نے ملک و قوم کے امن کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں -قوم پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے – وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقوام عالم میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کی کوئی مثال نہیںملتی۔پاک افواج ، پولیس اورہر طبقے نے بہادری ،دلیر ی اورجرات کے ساتھ قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اور شہداءپوری قوم کے ہیر و ہیں اورپوری قوم شہداءکی ا نمٹ قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد کے علاقے میں مین ہول کی صفائی کے دوران دم گھٹنے کے باعث 3افرادکے جاںبحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

باتیں سیاستدانوں کی کتاب میں تہلکہ خیز انکشافات, پاکستانی تاریخ کا بے لاگ تجزیہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) باتیں سیاستدانوں کی ”ایوب خان سے عمران تک“ نوجوان نسل کیلئے ایک مستند تاریخ ہے، مصنف کی جانب سے کتاب کی تحریر حقیقت اور ماضی کے حکمرانوں اوراب تک کے سیاستدانوں کی کارکردگی اور ملک کی تقسیم سے لے کر تختہ دار تک کے واقعات کو ایسے پیش کیا گیا ہے جو آج کے تیز ترین دور میں ہمیں بالکل سامنے ہوتے ہوئے نظر آرہے ہوں، نئی نسل کتاب بینی سے دور ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے مگر اس کتاب کی تحریر نوجوان نسل کو دوبارہ کتاب سے محبت پیدا کرنے کا موقع دے گی جو اس نئی نسل پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ معروف صحافی و تجزیہ نگار روں سمیت سماجی و سیاسی حلقوں کی جانب سے چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں ضیاءشاہد کی تحریر کردہ کتاب کی تقریب رونمائی میں اظہار خیال کیا گیا۔گزشتہ رو ز آواری ہوٹل میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی اور معروف تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ کتاب باتیں سیاستدانوں کی پر گفتگو ایک نشست میں کبھی نہیں کی جاسکتی کیونکہ ہر باب میں نئی شخصیت اور نئی داستان بیان کی گئی ہے اور پاکستان کی تاریخ کا ہر بار ایک دیانت دارانہ تجزیہ ہی نہیں بلکہ دلچسپ ترین واقعات بھی شامل ہیں۔ کتاب میں تاریخی روایات کو کھول کر پیش کردیا گیا اور کتاب خود بتاتی ہے کہ مصنف انتہائی محتاط ہو کر کرداروں کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا ہمیں اختلافات کو دور رکھتے ہوئے ملک کیلئے کچھ کرنا چاہیے کیونکہ ماضی سے اب تک کہ ہر دور میں ہماری عادت رہی ہے کہ کسی نہ کسی بات پر کیڑے نکالیں مگر کتاب کو انتہائی سنجیدگی اور مختاط ہو کر لکھا گیا ،انہوں نے کہاکہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے ملک میں کبھی بھی کسی کو درست طریقہ سے چلنے نہیں دیا گیا ملک کو دستور کے مطابق چلانا ہو گا اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔معروف مصنف و تجزیہ نگار قیوم نظامی کا کہنا تھا کہ ضیاءشاہد ایک انسائیکلو پیڈیا ہیں ان کی ذہانت اور یاداشت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ان کی تمام کتابوں کو پڑھ چکا ہوں اور ان کی موجودہ کتاب میں بے باکی ہے جس میں حقیقت سامنے لانے کی جرت صرف انہیں کے پاس ہو سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماءامیر العظیم نے کہا کہ کتاب میں سب سے زیادہ مصنف کی شفاف گوئی اور بہادری کو سلام پیش کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ماضی اور موجودہ دور میں سیاستدانوں اور ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنے والوں سے کسی بھی قسم کا کوئی سودا نہیں کیا اور حقیقت کو من و عن شائع کردیا گیا ۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے شاہد رشید کا کہنا تھا کہ بلاشبہ کتاب ہماری قومی زندگی کے متعدد ایسے پہلوﺅں کو بے نقاب کرئے گی آج کے دور میں نوجوان نسل کے سامنے نہیں آسکے میں نے ضیاءشاہد کی 11 کتابوں کا مطالعہ کیا ہے اور اس کتاب میں قائد اعظم کی زندگی سے لے کر اسلامی نظریاتی تشخص کے تحفظ کے حوالے سے ان کی حالیہ اور ماضی قریب کی خدمات کو دیکھا ہے جو انہیں ملک کے صف اول کے صحافیوں کی صف میں شامل کرتا ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اپنی ذات کی نفی کرتے ہوئے ملک اور قوم کی اجتماعی مفادات کی بات کی ہے۔معروف کالم نگار توصیف احمد خان کا کہنا تھا کہ کتاب میں چند سیاستدانوں کے بارے میں حقائق پڑھ کر انتہائی دکھ بھی ہوا اور خوشی بھی ہوئی نوابزادہ نصر اللہ سے لے کر اصغر خان تک کے بارے میں جو واقعات موجود ہیں شاہد ہم بھول چکے تھے مگر اس کتاب نے ہمیں پھر سے ماضی کی سیاسی شخصیات کو ہمارے سامنے کھول کر رکھ دیا ہے۔ دفاعی تجزیہ نگار کالم نگار محمد مکرم خان نے کہا کہ انہوں نے جن لوگوں کو دیکھ کر لکھنے کا جنوں و شدت پیدا ہوئی ان میں سب سے اول مقام ضیا شاہد کا ہے کیونکہ صدیوں میں ایسے انسان پیدا ہوتے ہیں تاریخی تناسب سے اس کتاب میں غیر جانبدارانہ اور ایماندرانہ اور خوبصورت انداز میں ماضی کے سیاسی و عسکری کرداروں کو پیش کیا گیا تاہم مزید چاہیے کہ پرانی کتابوں کو نئی شکل دے کر نوجوان نسل کیلئے معلومات حاصل کرنے کا شوق پیدا کیا جائے ۔کالم نگار سلمیٰ اعوان کا کہنا تھا نئی نسل پر بہت بڑا احسان کیا ۔یہ کتاب ملک کی اہم ترین کتب میں شامل ہوگی۔جماعت اسلامی سیکرٹری اطلاعات پنجاب اور کالم نگار فاروق چوہان نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو تہائیوں میں کتاب کے مصنف کے بارے میں موقف اختیار کیا کہ ضیاءشاہد کو ایک کامیاب صحافی سے کامیاب ایڈیٹر اوراب ایک کامیاب مصنف تک دیکھا ہے ان کی کتاب باتیں سیاستدانوں کی میں جن کرداروں کا ذکر کیا گیا ہے جو کہ شائد ہم سے پہلے بھی بہت سے لوگوں کو معلوم نہ تھا مگر ایک حقیقت اور سچائی پر مبنی کتاب شائع کرکے سیاستدانوں کے اچھے اور برے کردار بھی سامنے رکھ دیئے گئے۔ہمیں ایسی کتابوں کو قومی لائبریوں میں بھی رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ کتاب کے پبلشر علامہ عبد الستار عاصم کا کہنا تھا کہ موجودہ زمانہ کتاب بینی کا نہیں رہا مگر تحریر جانندار ہونے پر نوجوانوں کو ضرور اس کتاب کو پڑھنا چاہیے کیونکہ مضموں دیکھ کر ہی معلوم ہو گیا تھا کہ اس کتاب ”باتیں سیاستدانوں کی “میں مصنف کی جانب سے مکمل شواہد کے ساتھ واقعات شامل کیے گئے۔معروف اینکر پرسن خاتون صحافی نائلہ ندیم نے کہا کہ اس کتاب باتیں سیاستدانوں کی میں نوجوان نسل کو سیکھنے اور ملک کی خدمت کرنے کیلئے بہت کچھ ملے گا۔کتاب میں شامل واقعات کے بعد اس کو سکول اور یونیورسٹی سطح تک ہونا چاہیے تاکہ آج کا نوجوان جو کتاب سے دور ہو رہا ہے اور اس تحریر کو پڑھ کر ضرورکتاب بینی کی جانب آئے گا ۔

ناکامی کا خوف ۔۔اہم فیصلہ کر لیا

لاہور (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات میں لاہور میں کئی موجودہ امیدواروں کے انتخابی حلقے تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان این اے 125‘ میاں اسلم اقبال 122سے امیدوار ہو سکتے ہیں۔ علیم خان اور چودھری سرور ڈیفنس سے پنجاب اسمبلی کی نشست کیلئے الیکشن کریں گے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا بھی حلقہ تبدیل ہونے کا امکان۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں تمام حلقوں کے سیاسی حالات کو مدنظر رکھ کر ہی قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو میدان میں لاناچاہتی ہے اور عمران خان کا ٹارگٹ ہے کہ وہ قومی اسمبلی کا لاہور سے نہ صرف الیکشن لڑیں بلکہ اس میں کامیاب بھی ہوں‘ اس لئے وہ سب سے پڑھے لکھے علاقے ڈیفنس سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں جبکہ صوبائی نشست پر چودھری سرور اور علیم خان امیدوار ہوں گے۔ اسی طرح این اے 122میں میاں اسلم اقبال اور پی پی 140میں آجاسم شریف کو ٹکٹ ملنے کا امکان ہے جبکہ این اے 121میں حماد اظہر امیدوار ہوں گے جبکہ دیگر حلقوں میں بھی 2013ءکے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ میں حالات دیکھ کر ہی کیا جائے گا۔
حلقے تبدیل

روایتی کہانیوں سے ہٹ کر کچھ خاص کرنے کی کوشش کررہا ہوں

کراچی(شوبز ڈیسک)ڈرامہ پروڈیوسر و اداکار اعجاز اسلم نے کہا ساس بہو کے جھگڑے اور نند بھاوج کی کہانیوں پر بنائے جانیوالے ڈراموں سے ہٹ کر کچھ خاص کرنے کی کوشش میں مصروف ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹر ویو میں کیا۔انکا کہنا تھا اب وقت آگیا ہے کہ سینئر فنکار پروڈکشن کرکے اپنے تجربات سے فیض اٹھاسکتا ہے بطور پروڈیوسر بہت تلخ و شیریں تجربات ہوئے اب احساس ہورہا ہے کہ ایک پروڈیوسر کن کن مسائل سے دوچار رہتا ہے۔ ڈرامہ سیریل میں نیلم منیر اپنے کیریئر کا منفرد کردار ادا کررہی ہیں انکے علاوہ منال خان ،وہاج علی ، کرن قریشی و دیگر کا کام بھی ناظرین کو متاثر کریگا۔ اس موقع پر نیلم منیر نے کہا جن زادی کا کردار میری زندگی کا حصہ رہا ہے مجھے ایسا لگتا رہا کہ میں ”جن زادی “ہوں۔ منال خان نے کہا میرے لئے یہ کردار کسی چیلنج سے کم نہیں رہا۔ وہاج علی نے کہا اس کردار کو اداکرتے ہوئے بہت تجربات ہوئے۔ کرن قریشی نے کہا اب تک کئی سیریلز کرچکی ہوں لیکن مذکورہ سیریل میں متاثر کن کردارادا کیا ہے

دپیکا‘ امیتابھ بچن کی فلموں کا یکم دسمبر کو باکس آفس میں ٹکراﺅ

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن کی فلموں کا ٹکراﺅ یکم دسمبر کو ہو گا۔ بھارتی ذرائع کے مطابق اداکارہ دیپیکا پڈوکون ،شاہد کپور اور رنویر سنگھ کی فلم ”پدماواتی “ یکم دسمبر کو ریلیز کی جائے گی جبکہ اسی روز امیتابھ بچن اور رشی کپور کی فلم ” 102 ناٹ آﺅٹ “ بھی ریلیز ہو گی۔دونوں فلمیں ایک دوسرے سے منفرد نوعیت کی ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ ” 102 ناٹ آﺅٹ “ کے فلمساز فلم کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کرتے ہیں یا اسی دن ریلیز کی جائے گی۔

ریمااور شا ن کوشوبز انڈسٹری میں آئے 27سال مکمل

لاہور( شوبز ڈیسک) اداکارہ ریمااور شا ن کوشوبز انڈسٹری میں آئے 27سال مکمل ہو گئے ۔ ریما نے 1990ءمیں اداکارہ شان کے ساتھ ہدایتکا رجاوید فاضل کی فلم ” بلندی “ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔یہ اداکارہ شان کی بھی پہلی فلم تھی ۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد دونوں فلم انڈسٹری کے سپر سٹار اداکار بن گئے ۔اس کے بعد دونوں اداکاروں نے متعدد فلموں میں کام کیا ۔اتفاق سے فلم ” بلندی “ بھی جاوید فاضل مرحوم کی بطور ہدایتکار پہلی فلم تھی ۔

سلمان خان رئیلٹی شوکی فی قسط 11 کروڑ بھارتی روپے وصول کرینگے

ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی کے معروف رئیلٹی شو ”بگ باس “کے میزبان سلمان خان کو دیئے جانیوالے معاوضے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے ، جی ہاں ، سلمان خان کو ایک قسط کا معاوضہ 11کروڑ بھارتی روپے دیاجارہاہے ،یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چوتھے سے چھٹے سیزن میں سلمان خان اڑھائی کروڑ روپے وصول کرتے رہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق بگ باس سیزن 11یکم اکتوبرسے آن ایئرہونے جارہاہے اور اس کیلئے بھی میزبان سلمان خان ہی ہیں ، یہ آٹھواں سیزن ہے جس کی میزبانی سلومیاں کرنے جارہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق سلمان خان کو گیارہویں سیزن کی ایک قسط کا گیارہ کروڑ روپے معاوضہ مل رہاہے۔ اور اگر گزشتہ سیزنز کے معاوضے کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو یہ ایک بھاری رقم ہے تاہم شوکا حصہ بننے والوں کیلئے کوئی آفرنہیں۔

خواہش ہے میں بھی شبانہ اعظمی کی طرح مقام بناﺅں

لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ شبانہ اعظمی میری پسندیدہ اداکارہ ہیں اورمیری خواہش ہے کہ میں بھی ان کی طرح کام کر کے اپنا مقام بناﺅں ۔ خصوصی گفتگو میں انہوںنے کہا کہ کہ بھارت میں میری پہلی فلم ” موم “کے دوران سری دیو ی نے جس قدر محبت اور شفقت کا مظاہرہ کیا میں اسے زندگی بھر فراموش نہیں کر سکوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بھارت اور پاکستان میں امن کی ایسی فضاءقائم ہونی چاہیے جس سے دونوں ممالک میں بسنے کروڑوں لوگ مفلسی کی زندگی سے نکل کر خوشحال مستقبل دیکھیں ۔جنگ سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہوتے اس لئے بھارت کو جارحانہ رویے اپنانے کی بجائے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور اس سے دونوں ممالک ہی پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

کرکٹ حلقے حارث سہیل کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت پرحیران

لاہور (آئی این پی ) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 44 ماہ پہلے فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے حارث سہیل کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت پر کرکٹ حلقے حیرانگی کا اظہار کر رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی چار ارکان پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے سری لنکا کے خلاف 28 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ کی سیریز کے لئے 16 ارکان پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔حیران کن طور پر سری لنکا کے خلاف اسکواڈ میں 28 سال کے حارث سہیل کو مڈل آرڈر بیٹس مین کی حیثیت سے موقع دیا گیا ہے۔سیالکوٹ کے بائیں ہاتھ کے بیٹس مین نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ اسلام آباد میں اے ڈی بی پی کے لئے نیشنل بینک کے خلاف کھیلا تھا جہاں واحد اننگز میں وہ 16 رنز بنا کر ریٹائر ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔رواں سال جون میں انگلینڈ میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے حارث سہیل کو ان فٹ عمر اکمل کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا لیکن انہیں کوئی میچ کھیلنے کو نہ مل سکا۔57 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے حارث سہیل پاکستان کے لئے 22 ون ڈے اور 4 ٹی 20 کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔کرکٹ حلقوں میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں حارث سہیل کے انتخاب پر حیرانگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔گذشتہ سال حارث سہیل پی سی بی سینڑل کنڑیکٹ کا حصہ تھے البتہ انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا اور اس مرتبہ حارث سہیل کو سینڑل کنڑیکٹ کی ” سی ” کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔

سری لنکا ٹیسٹ سیریز،شاہئن دبئی پہنچ گئے،پہلا ٹیسٹ جمعرات سے

دبئی (آئی این پی ) قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لئے متحدہ عرب امارات پہنچ گئی، ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ اتوار کو قومی کرکٹ ٹیم نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے لاہور ائیر پورٹ پہنچی جہاں سے وہ غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی پہنچی جب کہ ٹیم کے اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 9 آفیشلز شامل ہیں۔کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم اظہر علی، سمیع اسلم، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، امیر حمزہ، حسن علی، محمد عباس، بلال آصف اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر اور دوسرا 6 اکتوبر سے شروع ہوگا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔تین ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔