فلم ” شور شرابا “ کو محرم الحرام کے بعد ریلیزکا فیصلہ

لاہور (شوبز ڈیسک) سہیل خان پروڈکشن کی فلم ” شور شرابا “ کو محرم الحرام کے بعد ریلیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے ہدایتکار حسین حیدر آباد والے اس فلم کو ایک سال قبل مکمل کر چکے ہیں جس کی کاسٹ میں گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ ، عدنان خان ، اچھی خان ، سخاوت ناز ، شیبا بٹ ، افتخار ٹھاکر ، موسیٰ خان ، لیلیٰ اور میرا سمیت دیگر اداکار شامل ہیں ۔ فلم کو تین مرتبہ ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر بعض وجوہات کی بناءپر فلم عید الفطر اور عید الاضحی پر بھی ریلیز نہیں ہو سکی۔ تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے بجٹ کی اس فلم کو محرم الحرام کے بعد ریلیز کر دیا جائے گا ۔ فلم میں کام کرنے والے فنکار بھی بڑی شدت کے ساتھ فلم کی نمائش کے منتظر ہیں۔

صوفیہ مرزا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور(شوبز ڈیسک) فراڈ کیس میں ملوث ملک کی معروف ماڈل صوفیا مرزا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وارنٹ جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاﺅن کچہری نے گزشتہ روز کے دوران جاری کیے۔ پراسیکیوٹرنے عدالت کو بتایا کہ ماڈل صوفیہ مرزا فراڈ کے مقدمہ میں ملوث ہیں ۔جو عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں ، ان کے پیش نہ ہونے سے مقدمہ التوا کا شکار ہے ،صوفیہ مرزا کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔جوڈیشل مجسٹریٹ احسن رضا نے تمام دلائل سننے کے بعد ماڈل صوفیہ مرزا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

آئی لینڈرزسے سیریزکےلئے ٹیم کی تیاریاں مکمل

لاہور(نیوزایجنسیاں) سری لنکا کے خلاف سیریز کیلیے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے 5 روزہ کیمپ کے آخری روز کھلاڑیوں نے وارم اپ اور ڈرلز کے بعد فٹبال میچ کھیلا جب کہ بیٹنگ اور بولنگ کے سیشن نہیں رکھے گئے۔ ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مختصر لیکچر میں پلاننگ سے بھی آگاہ کیا۔ قومی ٹیم کے منیجر طلعت علی بھی کھلاڑیوں سے مخاطب ہوئے۔ 19 ستمبر سے شروع ہونے والے کیمپ میں 18 پلیئرز کو مدعو کیا گیا جن میں سے 2 کو ڈراپ کرتے ہوئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔یاد رہے کہ دو میچز کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز 28 ستمبر کو ابوظبی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے ہو گا۔ دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ 6 سے 10 اکتوبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی مدمقابل ہوں گی۔

انضمام نے نوجوان کرکٹرزسے بڑی اُمیدیں وابستہ کرلیں

لاہور(آئی این پی ) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑی ریٹائر ہونے والے تجربہ کار کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کا خلا پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے،سلمان بٹ کو انٹرنیشنل کرکٹ میں لانے سے قبل ڈومیسٹک میں موقع دیں گے،، لیگ اسپنر گزشتہ تین چار سال سے پاکستان کے کامیاب ترین بولر ہیں۔قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سیریز کیلیے ٹیم کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو بتایا گیا ہے کہ سلیکشن کیلیے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہے، یاسر شاہ کو بھی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے کیلیے کہا تھا اور اب انہوں نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کر لیا ہے، لیگ اسپنر گزشتہ تین چار سال سے پاکستان کے کامیاب ترین بولر ہیں، یو اے ای کی بیٹنگ کنڈیشنز میں بھی وہ پاکستان کیلیے کافی سازگار ثابت ہوئے ہیں، اظہر علی کو گھٹنے کی تکلیف تھی، ڈاکٹر نے انجکشن لگوا کر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے، ہمارے پاس اچھے فاسٹ بولرز موجود ہیں، فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط ہے اور نئے پیسرز بھی شامل کیے گئے ہیں جس سے بولنگ کا شعبہ مضبوط ہو گا۔ انضمام کا مزید کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان اچھے کھلاڑی تھے، امید ہے ان کے بعد بھی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔ سلمان بٹ نے ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کیا، تاہم انہیں فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں لانے سے قبل ڈومیسٹک میں موقع دیں گے۔

سلمان کے بھی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن

لاہور (نیوزایجنسیاں) 2010 میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں سامنے آنے والے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پانے والے محمد عامر تو قومی ٹیم میں واپس آ چکے ہیں لیکن سلمان بٹ اور محمد آصف کے مستقبل پر اب بھی سوالیہ نشان موجود ہیں، چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ کو عنقریب ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا کاٹ کر بحال ہونے والے سابق کپتان سلمان بٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ سلمان بٹ کی کیمپ میں پرفارمنس بہت اچھی تھی ، اس کی فٹنس بھی بہترین تھی ، اس کی ساری چیزیں پوری ہیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اسے 6 سال کے وقفے کے بعد ڈائریکٹ انٹرنیشنل میں ڈالنے کی بجائے ذرا سا آزما لیں اس لیے انہیں پہلے اے ٹیم میں موقع دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سلمان بٹ کا معاملہ دیکھ رہے ہیں اسے سائیڈ لائن نہیں کیا ہوا ، وہ جس طرح کی پرفارمنس دے رہا ہے اس کی بنا پر امید ہے کہ وہ ٹیم میں شامل ہو جائے گا۔

میچ فکسنگ سے شرجیل جیسابہترین کرکٹر ضائع ہوگیا

لاہور(نیوزایجنسیاں) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس سے شرجیل خان جیسا بہترین کرکٹر ضائع ہوگیا۔لاہور میں اسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ لمبی پلاننگ نہیں کرتا، ایک میچ اور سیریز پر توجہ دیتا ہوں، پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے اپنے پیش رو مصباح کی طرح فتوحات حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔سرفراز احمد نے کہا کہ مصباح الحق پاکستان کی ٹیسٹ تاریخ کے کامیاب ترین کپتان تھے،ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، تجربہ کار یونس خان کے نہ ہونے سے بھی فرق پڑے گا اور میرے لیے یہ ایک نیا چیلنج ہے، پوری کوشش کروں گا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کی طرح طویل فارمیٹ میں بھی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے، کسی بھی طرز کے کھیل میں کپتان اکیلا کچھ بھی نہیں کرسکتا، ہر کھلاڑی کا کردار اہم ہوتا ہے،سب پلیئرز کو ساتھ لے کر چلوں گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کھیل کے ہر شعبے میں بتدریج بہتری آرہی ہے، سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم بہت اچھی ہے،دوسری جانب ہمارا فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط ہے،وہاب ریاض کی بولنگ اسپیڈ بہت بہتر ہے اور عامر کی رفتار بھی بہتری کی طرف جارہی ہے جب کہ یاسر شاہ نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا ہے اور وہ مکمل فٹ ہیں،بلال آصف اور محمد اصغر جیسے نوجوان سپنرز بھی موجود ہونگے۔ بیٹنگ میں اظہر علی اور اسد شفیق کیساتھ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین کی خدمات حاصل ہیں،اوپنرز سمیع اسلم اور شان مسعود یواے ای کی کنڈیشنز سے واقف اور انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے نہیں۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہر کپتان کی کوشش ہوتی ہے کہ پہلے میچ میں کامیابی کیساتھ فاتحانہ آغاز کرے،میری خواہش ہے کہ پہلے میچ میں سنچری سکور کرتے ہوئے قیادت کا حق ادا کروں۔ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ ابھی تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں کافی بہتری لانے کی ضرورت ہے جس کیلیے کھلاڑی اور منیجمنٹ پوری کوشش کررہے ہیں، سب کا مقصد یہی ہے کہ پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے، انضمام الحق بطور چیف سلیکٹر مجھے بہت سپورٹ کرتے اور میری رائے کا بھی خیال رکھتے ہیں،پوری ٹیم اور منیجمنٹ کا ایک ہی پیج پر ہونا خوش آئند ہے۔کپتان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل زندگی بھر یاد رہے گا اور اس ٹیم میں شامل کوئی بھی کھلاڑی ان لمحات کو نہیں بھول سکتا، ورلڈ کپ 2019 ابھی دور ہے، اس سے قبل ہمیں ہر شعبے میں آہستہ آہستہ مزید بہتری لانی ہے، تیزی سے جدید کرکٹ کی جانب گامزن ہیں،فٹنس، فیلڈنگ اور اسٹرائیک ریٹ بہتر ہوا ہے،بہتری کا یہ سفر جاری رکھنا ہوگا۔سرفراز نے کہا کہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان ضرور آئیں گی اور آنے والے دنوں میں بھارتی ٹیم بھی پاکستان آنے کے بارے میں ضرور سوچے گی، پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کا سامنا آنا بدقسمتی تھی، شرجیل خان جیسا کرکٹرز ضائع ہوگا،وہ ایک ایسے اوپنر تھے جو ٹیم کو بہترین آغاز دینے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کمی نہیں

کراچی(آئی این پی ) اپنے دور کے عظیم آل رانڈ اور سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کمی نہیں، جنوبی پنجاب میں باصلاحیت کرکٹرز کو دیکھ کر دنگ رہ گیا،پی ایس ایل میں میں اور وقار یونس فاسٹ بولنگ میں اپنی مہارتوں سے کھلاڑیوں کو روشناس کرائیں گے اوران کو رموزسیکھائیں گے۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آئیڈیے کا مقصد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور بہتر کرکٹرز کو سامنے لانا تھا، لیگ اپنے مقصد میں کامیاب نظر آتی ہے۔ اس کی وجہ سے باصلاحیت کرکٹز سامنے آئے اور انھوں نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردارادا کیا، اسی کے بعد ورلڈ الیون نے بھی پاکستان کا رخ کیا، وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، جنوبی پنجاب میں باصلاحیت کرکٹرز کو دیکھ کردنگ رہ گیا۔، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ قومی کرکٹرزاپنے طور پر بھرپورمحنت کر رہے ہیں۔پی ایس ایل میں میں اور وقار یونس فاسٹ بولنگ میں اپنی مہارتوں سے کھلاڑیوں کو روشناس کرائیں گے اوران کو رموزسیکھائیں گے، قوی امید ہے کہ ہر فرنچائز میں شامل کیے جانے والے ایمرجنگ پلیئرز مستقبل کے بہترین کرکٹرز میں شامل ہوں گے۔

ڈی ایس پی کی ”خبریں“بیورو چیف کو دھمکیاں, صحافتی تنظیموں کا احتجاج

قصور(بیورورپورٹ)ریجنل یونین آف جرنلٹس ضلع قصو رکا ہنگامی اجلاس بچوں سے زیادتی کے واقعات اجاگر کرنے پر ڈی ایس پی عارف رشید کی طرف سے روزنامہ خبریں قصور کے بیوروچیف جاوید ملک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی شدید مذمت۔تفصیلات کے مطابق ریجنل یونین آف جرنلٹس ضلع قصو رکا ہنگامی اجلاس آریوجے ضلع قصور کے صدر تنویر اسلم خاں کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کو اجاگر کرنے اور حقائق پر مبنی خبروں کی اشاعت پر ڈی ایس پی قصور عارف رشید کی طرف سے سینئر صحافی اور روزنامہ خبریں قصور کے بیوروچیف جاوید ملک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کی گئی اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے ڈی آئی جی پولیس شیخوپورہ رینج ، آئی جی پنجاب پولیس، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ روزنامہ خبریں قصور کے بیوروچیف جاوید ملک کو دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے والے ڈی ایس پی کے خلاف فوری نوٹس لیکر کاروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں ضلع بدر کیا جائے ورنہ ضلع بھر کے صحافی اور آریوجے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرے گی ۔اجلاس سے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد ارشد گولڈن، چیرمین حاجی محمد رمضان ، جنرل سیکرٹری منیر احمد ساقی،محمد یوسف چوہدری ، میاں جاوید اقبال ، محمد نعیم سلطان ،ظہور احمد ساجد، عبدالخالق کھوکھر،سید آصف جمیل نقوی ،ملک محمد سلیم، شیخ احسن سلیم، حاجی محمد مشتاق چوہدری ،حاجی آصف سعید، یسین یاس، محمد افضل انصاری، سید تنویر اقبال، خالد فراز ، جی ایم مغل، خالد حسین قریشی، شیخ آصف سعید، محمد اقبال سکھیرا، صابر علی بابر، چوہدری رفاقت علی، ندیم رضا خاں ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

”خبردار نیاز،سبیل،لنگر میں زہر بھی ہو سکتا ہے“ محرم الحرام میں شرپسندوں کا خطرناک منصوبہ سامنے آگیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں 24 مقامات امام بارگاہوں اور مساجد کو دہشت گردی کے خدشے کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیدیا گیا جبکہ مجالس وجلوسوں میں سبیل، نیاز اور لنگر کو بھی خصوصی طور پر چیک کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ جلسے اور جلوس کے راستوں، امام بارگاہوں اور مساجد کی قریبی خالی اور زیر تعمیر عمارتوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کی بھی اطلاع پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے نے پولیس افسروں کو پیشگی اطلاع دی ہے کہ لاہور کی 24 امام بارگا ہوں مساجد جن میں کربلا گامے شاہ، موچی گیٹ مسجد کشمیراں، سادات کالونی، کالی کوٹھی سٹاپ اقبال ٹاو¿ن، کرشن نگر، سمن آباد امامیہ مسجد فقہ جعفریہ، ظفر کالونی قصر بتول، قصر ابو طالب، قصر زینب وحدت روڈ، شاہدرہ وغےرہ، امام بارگاہوں کو حساس قرار دیا گیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس قرار دی گئی تمام امام بارگاہوں کی فول پروف سیکیورٹی بنانے کیلئے اعلیٰ پولیس افسروں، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر امدادی ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ پولیس اہم بارگاہوں کی قریبی خالی اور زیر تعمیر عمارتوں، مارکیٹوں اور گھروں کو خصوصی طور پر چیک کرے اور وہاں سنائپرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شر پسند سبیل، لنگر اور نیاز میں کوئی کیمیکل یا زہر وغیرہ بھی شامل کر سکتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ جلوس اور مجالس میں کوئی خودکش بمبار سیاہ لباس میں ملبوس ہوکر شامل ہونے کی کوشش کرے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجا ب بھر میں 2 خواتین سمیت 5 خود کش بمبار پنجاب میں داخل ہو نے کی اطلا عا ت موجود ہیں جن کے پےش نظرحساس ادارے اور پولیس روزانہ کی بنےاد پرشہر میں حساس مقامات سمےت امام بار گاہوں کے قرےب خصوصی آپرےشن کر رہے ہیں اور بائےو مےٹرک کے ذرےعے قوائف چےک کئے جا رہے ہیں۔

پی پی کے 3سینیٹرز بارے اہم انکشاف, کس کو ووٹ دیدیا؟

اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹ میں انتخابی اصلاحات کے بل کی شق203کی منظوری میں پیپلزپارٹی کے تین سینیٹر ز کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے ، جن تین سینیٹرز نے حکومت کی حمایت میں ووٹ دیا ان میں سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک ، خیبرپختونخوا کی خاتون سینیٹر روبینہ خالد اور بلوچستان سے پی پی پی کے رہنما فتح محمد حسنی شامل ہیں ، اس ضمن میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے علاوہ پیپلزپارٹی کے تین سینیٹرز نے بھی حکومتی بل کی حمایت میں ووٹ دیا ہے جو افسوسناک امر ہے اور یہ پیپلزپارٹی کے ڈسپلن کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فاروق ایچ نائیک ، روبینہ خالد اور فتح محمد حسنی نے پیپلزپارٹی کے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ تحریک انصاف کے جو ارکان ووٹنگ کے وقت ایوان سے غیر حاضر ہوگئے انہیں بھی شوزکاز نوٹس جاری کیا جارہا ہے سب سے پہلے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر نعمان وزیر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور ان سے وضاحت مانگی گئی ہے کہ وہ ایوان سے کیوں غیر حاضر ہوئے ۔ اس علاوہ اعظم سواتی اور شبلی فراز کو نوٹس جاری کرنے کا امکان ہے ۔