اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کے ضمانتی مچلکے گزشتہ روز تیار کرائے گئے تاہم انہیں احتساب عدالت میں جمع کرانے کے لئے لندن سے گرین سگنل کا انتظار کیا جارہا تھا۔ لندن سے گرین سگنل ملنے کے بعد ضمانت کے مچلکوں کو آج احتساب عدالت میں جمع کرایا جاسکتا ہے۔ اسحق ڈار جو لندن میں ہیں اور ان کو منصب سے الگ کئے جانے کی اطلاعات تسلسل سے میڈیا میں آرہی ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور ان کی مشاورت ہی سے معاملہ پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا تو آج مچلکے عدالت میں داخل کرا دئیے جائیں گے۔ بہ صورت دیگر وفاقی وزیر خزانہ کچھ عرصہ تک بیرون ملک رہیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسحاق ڈار خواجہ آصف گزشتہ دنوں لندن میں تھے جن کی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے مختلف ایشوز پر طویل مشاورت ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا اسحاق ڈار نے بیرون ملک رہنے کا فیصلہ کیا تو وہ منصب سے خود الگ ہوجائیں گے۔ اسلام آباد میں تواتر سے یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں اسحاق ڈار کی جگہ مشیر خزانہ وزیر مملکت خزانہ کے طور پر تعیناتی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم کے بیرون ملک سے اسلام آباد واپس آنے کے بعد ہوگا۔ اس سلسلے میں حکومت کے پاس جو آپشن دستیاب ہیں ان میں منصوبہ بندی کمشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز سرفہرست ہیں جو اس سے قبل وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو بھی یہ ذمہ داریاں مل سکتی ہیں۔ اسلام آباد میں سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ مفتاح اسماعیل اس وقت مشیر خزانہ کی ذمہ داریاں حاصل کرنے کے لئے زبردست لابی کر رہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل اس سے قبل گورنر سندھ کے منصب کے لئے بھی کوشاں رہے ہیں ۔ اس وقت مشیر ریونیو کے طور پر ہارون اختر خان کام کر رہے ہیں جو ایک دستیاب چوائس ہیں۔
