اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔نواز شریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان کے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی اور سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد کی جائے گی، احتساب ریفرنسز نوازشریف، ان کے بچوں حسن، حسین، مریم نوازاورکیپٹن صفدرعباسی کے خلاف ہیں جب کہ عدالت نے نواز شریف کو ریفرنسز کی نقول بھی فراہم کررکھی ہیں۔نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقعے پر جوڈیشل اکیڈمی کے باہرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔احتساب عدالت کا کنٹرول پاکستان رینجرز نے سنبھال لیاہے، پولیس ، رینجرز اور ایف سی کے ایک ہزار جوان تعینات ہیں، جب کہ جوڈیشل اکیڈمی آنے والے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے، عمارت کے ارد گرد خاردارتاریں بچھائی گئی ہیں اور جوڈیشل اکیڈمی میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ آج بند ہے، میڈیا نمائندوں کواندرداخل ہونے کے لئے خصوصی پاسزجاری کیے گئے ہیں، احتساب عدالت میں سماعت 9 بجے شروع ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سماعت کریں گے۔مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق اور مائزہ حمید جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے ہیں تاہم انہیں احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جب کہ رینجرز کے بریگیڈئیرکے احکامات پرمیڈیا نمائندگان کو بھی باہر نکال دیاگیا ہے، دوسری جانب رجسٹرار کا کہنا ہے کہ ہم نے میڈیا کو داخلے سے نہیں روکا میڈیا کو اندرجانے کی اجازت ہے۔سیکیورٹی کے پیش نظراحتساب عدالت کے باہر واٹر کینن بھی منگوالیے گئے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمنٹنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو آنسو گیس شیل فراہم کردئیے گئے ہیں۔