لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان میں کرپشن کے انسداد کے لئے نیب کے دائرہ کارمیں مزید توسیع کرنے کی بجائے نیب میں اصلاحات لانے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ آج یہاں ایک بیان میں انہو ں نے کہاکہ کرپشن کے ناسور نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے اورپاکستان کی بقا کی خاطر اس لعنت کے خاتمے کے لئے احتساب کا بے لاگ اور کڑا نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہو ں نے کہاہے کہ نیب کی حالیہ اور ماضی کی تاریخ گواہ ہے کہ یہ ادارہ مسلمہ طو رپر کرپٹ اور ملکی خزانے کو بے دریغانہ لوٹنے والے عناصر کا احتساب کرنے میں ناکام رہاہے۔ انہو ں نے کہاکہ اس ضمن میں عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود ایسے عناصر کے خلاف ایکشن نہ ہونے کی مثالیں بھی موجود ہیں۔شہبازشریف نے کہاکہ نیب کے دائرہ کار کو اعلیٰ عدلیہ اور آرمی تک وسیع کرنے کی بجائے ضرورت اس امر کی ہے کہ نیب اپنا کام دیانت داری اور پسند اور نا پسند سے بالا تر ہوکر کرے۔ انہو ں نے کہاکہ عدلیہ اور آرمی جیسے اداروں میں احتساب کے لئے ان کا اپنا نظام اور طریقہ کار موجود ہے جس میں وقت کے تقاضوں کے مطابق بہتری لائی جاسکتی ہے۔انہو ں نے کہاکہ میں نیب دائرہ اختیار میں وسعت کی تجویز پر بعض سیاسی جماعتوں کے قول و فعل میں حالیہ دنوں میں ابھر کر سامنے آنے والے تضاد پر اظہار افسوس کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔