پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا کے کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم میں فاسٹ باؤلر عثمان شنواری ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں جب کہ رومان رئیس کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔
تیسرے ون ڈے میں باہر بیٹھنے والے عماد وسیم کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور فہیم اشرف کو آرام کرایا گیا ہے۔
قومی ٹیم نے سیریز پہلے ہی 0-3 سے اپنے نام کرلی ہے تاہم اب کپتان سرفراز احمد کی نظریں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کرنے پر لگی ہیں۔
سری لنکا کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور کرنے والے اوپننگ بلے باز امام الحق آج ہونے والے میچ کا بھی حصہ ہوں گے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کل 122 ون ڈے میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 81 میں اسے کامیابی، 40 میں ناکامی اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
122 میچز میں سے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 35 میچز کھیلے جس میں 12 بار سری لنکن شیروں نے جیت کی دھاڑ لگائی لیکن 22 بار پاکستانی شاہینوں نے فتح کی اڑان بھری۔
ایک اور دلچسپ حقیقت یہ ہے کے اس میدان میں پہلا ایک روزہ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1984 میں کھیلا گیا جس میں جیت سری لنکا کو ملی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز انضمام الحق کے پاس ہے جنھوں نے 59 میچز میں 2464 رنز بنائے جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے 77 میچز میں 122 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔