اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل قرض کی دلدل میں دھنس رہاہے، ملک کا معاشی ڈھانچہ بحران در بحران کاشکار ہوکر منہدم ہورہی ہے ، اور نون لیگی حکومت ٹیکس چوروں اور منی لانڈرنگ کرنےوالوں کو مکمل تحفظ دے رہی ہے ، یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ایک سائٹ پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہی، عمران خان نے کہا کہ یہ چور سالانہ 10ارب روپے چوری کرکے ملک سے باہر بھیجتے ہیں، چوروں کی ان کارستانیوں کا سارا بوجھ ناتواں عوام پر ڈالا جاتا ہے ، ٹیکسوں کا حجم مسلسل گراوٹ کا شکار ہے ،حکومت نے مزید 400اشیاءپر درآمدی ڈیوٹی بڑھادی ہے ، ناکام حکومت کی جانب سے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے کی کوششیں شرمناک ہیں، حکومت کرپٹ مافیا کو بچانے کیلئے ٹیکسوں اور مہنگائی سے عوام کا خون نچوڑ رہی ہے۔