ابوظہبی(ویب ڈیسک) تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 19.5 اوورز میں اصل کیا۔آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لئے 12 رنز درکار تھے اور پاکستان کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔بیسویں اوور کی پہلی ہی گیند پر فہیم اشرف کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد اگلی گیند پر شاداب خان نے ایک رن لیا۔ آخری اوور کی تیسری گیند پر حسن علی نے 3 رنز لیے اور شاداب خان کو کھیلنے کا موقع دیا۔شاداب خان نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور پھر اگلی گیند پر دو رنز لیکر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔قبل ازیں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز دنوشکا گناتھیلاکا اور دلشان مناویرا نے کیا لیکن 43 کے مجموعی اسکور پر مناویرا 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
مناویرا کے آؤٹ ہونے کے بعد گنا تھیلاکا اور سدیرا سمارا وکرما نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 106 رنز تک پہنچایا تو 17 ویں اوور میں سدیرا سمارا وکرما 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 63 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
اسی اوور کی اگلی ہی گیند پر شاداب خان نے گنا تھیلاکا کو بھی 51 رنز پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔
اننگز کے اٹھاویں اوور میں پراسنا بھی ایک رن بنا متبادل فیلڈر محمد نواز کی ڈائریکٹ تھرو پر آؤٹ ہو گئے جب کہ اسی اوور میں حسن علی نے تھسارا پریرا کو 3 رنز پر نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
فہیم اشرف نے 19 ویں اوور میں پہلے اڈانا کو آؤٹ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اداوتے کی وکٹ بھی حاصل کر لی۔ اپنے اوور کی آخری گیند پر فہیم اشرف نے پتھیرانا کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی فیلڈرز نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین سری لنکن بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں بھی پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی تھی۔