اسلام آباد(ویب ڈیسک)احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف پر فردجرم عائد کر دی گئی ہے ۔نوازشریف کا صحت جرم سے انکار، سابق وزیر اعظم 25منٹ تک روسٹرم پر کھڑے رہے ،نوازشریف نے کہا کہ میرے خلاف سیاسی اوربدنیتی پر مبنی کیسز بنائے گئے ۔اس موقع پر نوازشریف نے عدالت سے استفسار کیا کہ 6ماہ پر ریفرنسز کا فیصلہ ہوجائیگا تو عدالت کے جج محمد بشیر نےکہا کہ چھ ماہ کا وقت سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا ہے ،مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی فرد جرم میں ترمیم کردی گئی۔واضح رہے کہ اس سےپہلے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نیب کے تین ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد کردی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔اس موقع پر فاضل جج نے نواز شریف کی تین ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔گزشتہ روز نواز شریف کی تین ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر ان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل مکمل کئے تھے۔سابق وزیراعظم نواز شریف آج پانچویں مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے، اس سے قبل وہ 26 ستمبر، 2 اکتوبر، 3 نومبر اور 7 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے تھے۔سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے لئے مری سے پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں سے وہ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ احتساب عدالت کے لئے روانہ ہوئے جب کہ اس موقع پر مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔سابق وزیراعظم کی آمد کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے۔پولیس، ایف سی اور ایلیٹ فورس کے اہلکار تعینات ہیں جب کہ خواتین اہلکار بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔احتساب عدالت مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں عائد فرد جرم میں ترمیم کی درخواست کو بھی سنے گی۔کیس کا پس منظر:سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتسابعدالت میں دائر کئے جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا۔ملزمان کی پیشیاںسابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے چار مرتبہ26 ستمبر، 2 اکتوبر، 3 نومبر اور 7 نومبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دیگر ملزمان میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر 6،6 مرتبہ 9، 13، 19، 26 اکتوبر،3 اور 7 نومبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اب تک عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے انہیں مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کردیا تھا۔