اسلام آباد(آئی این پی )سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماﺅں سینیٹر خوش بخت شجاعت اور رکن قومی اسمبلی علی راشد نے منگل کو زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور کراچی کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر خوش بخت شجاعت نے ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ خوش بخت شجاعت نے سابق صدر سے درخواست کی کہ کراچی میں خواتین کے لئے ہاکی اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کے اعلیٰ مقام کے لئے کام کر رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ہر شعبے میں خواتین کی نمائندگی ہو۔ وہ ہاکی اسٹیڈیم کے لئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات کریں گے۔