لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے غریب قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور عوام کے ذہنوں میں ان کی لوٹ مار کی داستانیں ابھی بھی تازہ ہیں۔ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کے ذمہ دار یہی حکمران تھے، جنہوں نے ذاتی لالچ ، کرپشن اور حرص کے ذریعے منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کی اور ملک میں اندھیروں کا راج رہا۔ آج کرپشن پر بھاشن دینے سے قبل ماضی کے ان حکمرانوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جبکہ ہم نے ایک ایک پائی عوام پر صرف کی ہے۔ ستم ظریقی ہے کہ کرپشن میں لتھڑے آج کرپشن کے خلاف بھاشن دے رہے ہیں۔ ماضی کے انہی حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی بنا پر ملک اندھیروں میں ڈوبا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔ دھرنا گروپ نے ذاتی مفادات کےلئے ملکی مفادات کو ہمیشہ نظرانداز کیا اور اقتدار کی ہوس میں غریب عوام کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ ذاتی مفادات کو ترجیح دینے و الوں کو ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی سے کوئی سروکار نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منفی سیاست کے علمبردار جان لیں کہ باشعور عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستانی قوم کو دشنام طرازی اور بہتان کی منفی سیاست کسی صورت گوارہ نہیں۔ ہمارے مخالفین اپنے صوبے میں مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے عوام میں سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں۔وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے140ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام مےں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ ایک عظیم فلاسفر،شاعر اور دانشور تھے جن کی شاعری اور افکار آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور ان میں جوش وجذبہ پیدا کیا۔علامہ اقبالؒکی مسلمانو ں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کی تجویز انکی سیاسی بصیرت کی عکاس تھی۔علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذرےعے نوجوانوں میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا۔وزےراعلیٰ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے تصوراورافکار کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔ علامہ اقبالؒ کے افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور اندھیروں میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ کی شاعری اور افکار پر عمل پیرا ہو کر منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سابق وزیر مملکت غلام اکبر لاسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف نے جامعہ اشرفیہ کے مہتمم و متحدہ علماءبورڈ پنجاب کے چیئرمین مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کے بھتیجے اور علامہ ارشد حسن ثاقب کے بھائی مولانا حکیم امجد حسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر فیصل آباد میں پولیس مقابلے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔