اسلام آباد (اے این این) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جارہے ہیں اور اپنی ذات و خاندان کےلئے ملکی سلامتی داو¿ پر لگا رہے ہیں۔ جمعرات کو یہاں پارٹی رہنماو¿ں سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جارہے ہیں وہ پاکستان کو اس طرف لے جا رہے ہیں جہاں کسی سے نہ سنبھل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اپنی ذات اور خاندان کے لیے ملکی سلامتی داو ¿پر لگا رہے ہیں، وہ پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جہاں ریاستی ادارے تباہ ہوں وہاں خانہ جنگی ہوتی ہے، ریاستی ادارے ٹوٹ جائیں تو ملکوں کا حال افغانستان، عراق، لیبیا جیسا ہوتا ہے، جن ملکوں کے ریاستی ادارے ٹوٹے انہیں امریکی، نیٹو افواج بھی نہ سنبھال پائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نواز شریف کو یہ خطرناک کھیل نہیں کھیلنے دے گی کیونکہ یہ لوگ ملک تباہ کر کے بھاگ جائیں گے لیکن ہم نے یہیں رہنا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بدھ کو بھی نوازشریف کے عدلیہ سے متعلق بیان پر آصف زرداری نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف سے تعاون ملک دشمنی جیسا ہوگا۔