باڑہ (اے این این ) پاک افغان سرحد کے قریب واقع خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں قائم کی گئی نئی پاکستانی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی محمد الیاس شہید ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 5دہشتگرد ہلاک اور 4زخمی ہو گئے ۔پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ایجنسی کے سرحدی علاقے راجگال میں دہشتگردوں نے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سپاہی محمد الیاس شہید ہو گیا، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دہشگردوں کو موثر جواب دیا جس سے انہیں کئی گنا زیادہ نقصان اٹھا پڑا۔ فائرنگ کے تبادلے پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملوں کی وجہ افغانستان کے کئی علاقوں میں حکومت کا کنٹرول نہ ہونا ہے، دہشت گردوں نے حملہ افغانستان کی حدود سے کیاگیا۔دہشتگردوں نے افغان عملداری نہ ہونے کا فائدہ اٹھایا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دہشتگردوں کے حملے کا فوی جواب دیا جس کے نتیجے میں سرحد پار سے آنے والے دہشتگرد سنبھل نہ سکے اور ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔سکیورٹی فورسز نے زخمی دہشتگردوں کو حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ شہید سپاہی کی میت کو پہلے سی ایم ایچ پشاور اور بعد میں اس کے آبائی علاقے کو روانہ کر دیا گیا ہے جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔واضح رہے سرحد پر افغان فوج کی عملداری نہ ہونے کے باعث آئے روز افغان سرزمین سے دہشتگردی کے واقعات ہوتے ہیں ۔اس سے قبل رواں برس 23 ستمبر کو بھی وادی راجگال میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج نے رواں برس 15 جولائی کو خیبرایجنسی کی وادی راجگال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خیبر فور کا آغاز کیا تھا، جسے اگست میں مکمل کرلیا گیا۔اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن خیبرفور میں تقریبا 95 فیصد مقاصد حاصل کر لیے گئے۔