اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے خلاف ایک کم عمر بچے کے غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، ان پر الزام ہے کہ ان کی ریلی کی وجہ سے بیمار بچے کے والدین پمز ہسپتال نہیں پہنچ پائے جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی، تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک یا رسول اللہ اور سنی تحریک کی اسلام آباد میں مشترکہ ریلی کے باعث سڑک بند تھی، اس دوران ایک بچے کے والدین بروقت پمز ہسپتال نہ پہنچ پائے اور انکا بچہ طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا، پولیس نے بچے کی موت کا مقدمہ علامہ خادم حسین رضوی اور ریلی کے شرکاءکیخلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 322کے تحت درج کرلیا ہے ، آئین کی یہ دفعہ قتل بالسبب سے متعلق ہے، ایف آئی اے میں بچے کے والد نے موقف اپنایا ہے کہ اگر وہ بروقت ہسپتال پہنچ جاتے تو ان کے 8ماہ کے بیٹے کی زندگی بچائی جاسکتی تھی، واضح رہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں ہونے والی تبدیلی کے بعد سے تحریک لبیک یا رسول اللہ کا احتجاج مسلسل جاری ہے، تحریک کے کارکنوں نے کئی روز سے اسلام آباد میں دھرنا دے رکھا ہے۔