تازہ تر ین

فوگ اور سموگ نے 10جانیں لے لیں ، پروازیں منسوخ کرنا پڑگئیں

لاہور /فیصل آباد /ملتان /حافظ آباد /سکھر /کوئٹہ ( نمائندگان خبریں) پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں دھند اور اسموگ کا راج برقرار رہا جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے اور ٹرانسمشن لائنیں ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، مختلف ٹریفک حادثات میں 10افراد جاں بحق اور 20سے زائد زخمی ہو گئے۔ موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لئے بند کر دیئے گئے جبکہ فلائٹس آپریشن متاثر ہونے کے ساتھ ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تاہم آئندہ ہفتے سموگ بتدریج کم ہوکر ختم ہونے کا امکان ہے تاہم دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقے شدید دھند اور سموگ کی لپیٹ میں رہے ،اسموگ کے باعث شہریوں کے مختلف بیماریوں سے دوچار ہونے کے ساتھ ٹریفک حادثات بھی بڑھ گئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی فیصل آباد میں ٹریفک حادثے میں 2خواتین جبکہ کبیر والہ میں ایک بچہ اور ننکانہ صاحب میں ایک شخص جاں بحق جبکہ حافظ آباد میں 4ریسکیو اہلکاروں سمیت 12افراد زخمی ہوگئے جبکہ پاکپتن اور چیچہ وطنی میں ٹریفک حادثات پیش آئے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ لاہور میں دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر رہا، ایئر پورٹ پر آنے جانے والی 60سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ کئی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔ لاہور سے روانہ ہونے والی متاثرہ پروازوں میں لاہور سے کراچی کی 2، اسلام آباد اور بہاول پور کی ایک ایک پرواز شامل تھی جبکہ بیرون ملک جانے والی پروازوں میں مسقط اور ریاض کی پروازیں شامل تھیںبیرون ملک سے آنے والی پروازوں میں لندن اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل تھیں۔دھند کے باعث ملتان ایئر پورٹ پر 15پروازیں تاخیر کا شکار اور 2منسوخ ہوئیں، فیصل آباد میں 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ دھند کے باعث ریلوے کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ، مختلف شہروں کو جانے والی ٹرینیں سست روی کا شکار رہیں جبکہ حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کو کئی مقامات سے بند کر دیا گیا ۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق گوجرہ سے فیصل آباد ایم فور موٹر وے بند رکھا گیا۔ کندیاں چشمہ اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نظر صفر رہی۔ دھند چھٹتے ہی پشاور موٹروے پر ٹریفک کی روانی شروع ہوگئی۔ ترجمان موٹر وے نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ شہری موٹر وے پر کسی بھی ایمرجنسی اور معلومات کی صورت میں ایک تین صفر پر کال کرسکتے ہیں۔سندھ میں بھی سکھر بدین سمیت دیگر علاقے مسلسل اسموگ اور دھند کی لپیٹ میں رہے جس سے سکھر سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے سے بلوچستان کے علاقوں سوئی، ڈیرہ بگٹی ،اوستہ محمد،جھل مگسی گرڈاسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور بارش کے بعد اسموگ بتدریج کم ہو کر ختم ہو جائے گی تاہم دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں ہفتے پنجاب، پشاور، ڈی آئی خان اور سکھر ڈویژن میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تاہم اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور بارش کے بعد اسموگ بتدریج کم ہو کر ختم ہو جائے گی لیکن ملک بھر میں دھند پڑنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک ر ہے گا۔ پنجاب کے اکثر علاقے شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ ڈی آئی خان، پشاور اورسکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain