تازہ تر ین

قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنیوالے اورنج ٹرین روکنا چاہتے ہیں، شہباز شریف

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب حکومت اور بین الاقوامی دوا ساز ادارے نوارٹس فارما پاکستان کے مابین 4 امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ماڈل ٹا¶ن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن و سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم شاہ جبکہ نوارٹس فارما پاکستان کی جانب سے کنٹری صدر شہاب رضوی نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کی رو سے نوارٹس فارما پاکستان اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے4 امراض میں مبتلا مریضوں کو 6 ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ مفت ادویات 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فراہم کی جائیں گی اور نوارٹس کی جانب سے ان ادویات کی فراہمی کیلئے فی مریض ایک ڈالررقم کی وصولی کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی اور مریضوں کو مکمل طور پر مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی دوا ساز کمپنی نوارٹس پاکستان اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ابتدائی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اور ان مریضوں کو چار مختلف امراض ذیا بیطس، امراض قلب، بریسٹ کینسر اور سانس کی تکالیف کی ادویات فری دی جائیں گی اور پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ادویات فراہم کی جاسکیں۔ وزیر اعلی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوارٹس کی طرف سے6 ارب روپے کی مفت ادویات مریضوں کو غیر مشروط طور پر دی جا رہی ہیں اور اس کے لئے نہ تو کوئی سیاسی شرط عائد کی گئی ہے اور نہ ڈو مور کا تقاضا کیا گیا ہے بلکہ یہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اسی جذبے اور عزم کو ہم نے آگے بڑھانا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت کا تعاون دیگر صوبوں کے ساتھ ہمیشہ جاری رہتا ہے اور اب بھی دیگر صوبوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اور چاروں صوبے اس کی اکائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت ادویات کا یہ پروگرام شروع کرنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں اور میں تمام متعلقہ حکام، افسروں اور عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کا وہ تقاضا کر رہے ہیں جو نہیں چاہتے کہ غریب آدمی کو مفت ادویات ملیں، یہ وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ لاہور میں اورنج لائن میٹر وٹرین چلے۔ عام آدمی کی ترقی وخوشحالی کے مخالف قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ میٹروبس کو جنگلا بس کہنے والے اس کو پشاور میں مشکل سے لے تو گئے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ وہ پشاور میں اس کو بنا نہیں سکتے اس لئے وہ لاہور میں بھی میٹروٹرین کا منصوبہ روکنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہاکہ پنجاب حکومت عام آدمی کو علاج معالجے کی فراہمی کیلئے خوب سے خوب تر کی تلاش میں ہے۔ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جارہی ہیں اور ان مشینوں کی تنصیب سے مریضوں کو 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی اور مشینیںخراب بھی نہیں ہو ںگی۔ بد قسمتی کی بات ہے کہ ہسپتالوں میں اربوں روپے کی مشینیں خریدی گئیں لیکن مل ملا کر ان مشینوں کو خراب کر دیا جاتا۔ یہ کالا دھندہ کئی برس سے چلتا رہا لیکن پنجاب حکومت نے اس کالے دھندے کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے۔ اب مینوفیکچررز خود سی ٹی سکین مشینیں لا رہے ہیں اور وہ اس کو خود چلائیں گے۔ حکومت صرف سی ٹی سکین کے پیسے دے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لاہور میں ہونے والی یوتھ کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وملکی وفود نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن اور ترقی پسند ملک ہے، جو دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ اور معاشی تعلقات رکھتا ہے۔ سارک جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم ہے اور سارک کو خطے میں امن اور تجارت کے فروغ اور فوڈ سیکورٹی کے مسئلے کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔ ہمیں، غربت، جہالت، افلاس اور بے روزگاری کے خلاف مل کر لڑنا ہے۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا ہے۔ سارک ممالک کو اپنے تمام تنازعات اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ جنگیں اور طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ہمسایہ ممالک کو پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کے اصولوں کو اپنا کر باوقار طریقے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان، روس، نیپال، افغانستان اور دیگر ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات رکھتا ہے۔ پاکستان اور نیپال کے درمیان دو طرفہ تعاون موجود ہے۔ کھٹمنڈو میں ہولناک زلزلے کی تباہی کے دوران حکومت پاکستان نے ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ پاکستان اور افغانستان برادر اسلامی ملک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی نے دونوں ممالک میں بے پناہ تباہی مچائی ہے۔ دونوں ممالک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے ناسور سے ملکر نمٹنا ہے۔ پر امن اور مضبوط افغانستان پاکستان کے لئے جبکہ مضبوط اور پرامن پاکستان افغانستان کے لئے ضروری ہے۔ غلط فہمیوں کو دور کر کے مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان گزشتہ تین عشروں سے 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ ہم اپنے افغان بھائیوں کی ہر طرح کی مدد کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گورنمنٹ آف پنجاب رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کےلئے رجب طیب اردوان ہسپتال میں 250بستروں کا اضافہ کر رہی ہے اوراس توسیعی منصوبے سے جنوبی پنجاب میں بسنے والی آبادی کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا اور منصوبہ مکمل ہونے سے عوام کو علاج معالجے کی نئی سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ توسیعی منصوبے کےلئے ڈاکٹرز‘ نرسیں اور دیگر ضروری عملے کی بھرتی کا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اورترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے توسیعی منصوبہ جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ دکھی انسانیت کو بہترین علاج معالجہ میسر ہوسکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے حضرت امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ پولیس‘ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain