خیرپور (ویب ڈسک) صوبائی وزیر منظور وسان کا کہنا تھا کہ چند روز پہلے میں نے پیش گوئی کی تھی کہ ملکی سیاست کے 2 ہفتے اہم ہیں اور آئندہ الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان، لندن اور پاک سرزمین پارٹی ایک ہی نشان پر انتخابات لڑیں گے لیکن ایک سازش کے تحت پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان کی طلاق ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار دونوں ہی اسٹیبلشمنٹ کے آدمی ہیں اور دونوں کا مستقبل اچھا دکھائی نہیں دے رہا۔منظور وسان نے کہا کہ عمران خان اپنے جلسوں میں عوام دیکھ کر خوش نہ ہوں، جلسوں اور انتخابات میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی تمام تر مخالفت اور گرینڈ الائنس بننے کے باوجود ملک بھر میں کامیاب ہوگی، سابق وزیراعظم نوازشریف پر مشکل وقت ہے اور پے در پے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں جو ختم نہیں ہوسکتیں، اب سیاست میں بوڑھوں کا کوئی کام نہیں عوام نیا خون چاہتے ہیں۔