لاہور(ویب ڈیسک ) فلم ‘ ٹائی ٹینک’ کا ایک منظر—۔پبلسٹی فوٹوہالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم ‘ٹائی ٹینک’ کا جادو 20 سال بعد بھی سر چڑھ کر بولتا ہے جس کی مثال ہر محبت کرنے والا ضرور دیتا ہے۔اور اب مداحوں کے لیے خوش خبری ہے کہ دنیا بھر میں محبت کی نئی مثال رقم کرنے والی فلم ‘ٹائی ٹینک’ جلد ہی دوبارہ نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
حال ہی میں فلم کے ہدایت کار جیمز کیمرون نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مداحوں کو آگاہ کیا کہ رومانوی فلم ‘ٹائی ٹینک’ ایک بار پھر پیش کی جارہی ہے جو رواں برس یکم دسمبر سے اپنا جادو امیریکن مووی ٹھیٹر ( اے ایم سی) میں بکھیرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ فلم ‘ٹائی ٹینک’ دوبارہ دیکھنے میں ایسے لگے گی جیسے پہلی مرتبہ دیکھی جا رہی ہو۔
واضح رہے کہ فلم کی ریلیز کو 20 برس مکمل ہونے کی خوشی میں دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے، جس کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے۔’ٹائی ٹینک’ میں دکھائی گئی محبت کی کہانی کوئی بہت غیر معمولی داستان نہیں تھی، تاہم فلم میں دکھایا گیا عظیم الجثہ جہاز اور اس کے ڈوبنے کے نتیجے میں ہیرو ہیروئن کی محبت امر ہونے کی کہانی نے اس فلم کو بے حد خاص بنا دیا تھا۔
