کوالالمپور (اے پی پی) مجیب زدران کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت افغانستان نے نیپال کو شکست دے کر اے سی سی انڈر 19 یوتھ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی، افغانستانی ٹیم کو ایونٹ کے فائنل میں (کل) اتوار کو پاکستان کا چیلنج درپیش ہو گا، افغانستانی ٹیم نے 104 رنز کا آسان ہدف 21 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، رحمان گل نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، افغانستان کے مجیب نے 28 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان نوین الحق نے ٹاس جیت کر پہلے نیپال انڈر 19 کو بیٹنگ کی دعوت دی تو باﺅلرز نے غیرمعمولی باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا، نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 28 اوورز میں 103 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، انیل سا کے سوا نیپال کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، انیل 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، مجیب نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، قیاس احمد نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 21 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، رحمان گل نے 71 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔