راولپنڈی (نیوزایجنسیاں) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں لاہور وائٹس نے فاٹا کو 41 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، فاٹا کی ٹیم 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 172 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، کپتان حماد اعظم کی نصف سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، لاہور وائٹس کے کپتان سلمان بٹ 74 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کامران اکمل کو 29 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔بلے بازنے نیشنل ٹی 20کی تاریخ کی تیسرءتیزترین نصف سنچری کااعزازبھی نام کیا۔عمران نذیرکو 17گیندوں پرنصف سنچری بنانے کااعزازحاصل ہے۔ دوسرے میچ میں کراچی وائٹس نے راولپنڈی کو14 رنزسے زیرکیا۔کراچی وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے6 وکٹوں پر178رنزبنائے ۔ اسدشفیق 72 رنزکیساتھ نمایاں رہے۔جواب میں راولپنڈی کی ٹیم 9وکٹوں پر164رنزبناسکی۔انورعلی نے4وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ٹی ٹونٹی کپ میں جمعہ کو کھیلے گئے 13 ویں میچ میں لاہور وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کامران اکمل نے کپتان سلمان بٹ کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو 94 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، کامران کمل نے 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی، سمیع اسلم 11 اور عمر اکمل ایک رن بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد عامر یامین نے کپتان بٹ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 75 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 203 تک پہنچا دیا، عامر یامین 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، سلمان بٹ نے 74 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے، سہیل اختر نے 2، حماد اعظم اور اوسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں فاٹا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 172 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، حماد اعظم کی 50 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، مختار احمد 30، نوید ملک 13، اویس ضیاء9، خوشدل شاہ 16، سہیل اختر 18، آصف آفریدی 14، اوسامہ میر 2، محمد عرفان ٹو صفر اور ثمین گل 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔، وہاب ریاض نے 3 جبکہ بلال آصف اور امید آصف نے دو، دو، عماد بٹ نے ایک وکٹ لی۔