کراچی (یوا ین پی)اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر سلمان بٹ نے مسلسل نظر انداز کئے جانے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس تو اس بات کا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کسی فرنچائز نے بھی ان کا انتخاب نہیں کیا۔سلمان بٹ کایو این پی سے کہنا تھا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں گزشتہ برس رنز کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر تھے لیکن پی ایس ایل میں گولڈ کیٹگری میں موجودگی پر بھی کسی فرنچائز نے ان کو قابل غور نہیں سمجھا اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا جس کی وجہ انہیں خود بھی معلوم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس سے وہ انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اگرچہ رواں سال ان کی کارکردگی پچھلے سیزن جیسی نہیں رہی لیکن پھر بھی وہ دوسروں سے بہتر رہے لیکن ان کو نظر انداز کر دیا گیا۔ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ وہ کچھ نہیں کہہ سکتے کہ پی سی بی انہیں دوبارہ قومی فریضہ انجام دینے کا موقع دینے کیلئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے گا یا نہیں اور نہ ہی وہ اس بارے میں کوئی وضاحت طلب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کا کام محنت کرنا اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے جو وہ پوری ایمانداری سے کر رہے ہیں۔ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ بورڈ کو ان کی پرفارمنس پر نظر رکھنا چاہئے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کا نام قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے ضرور زیر غور لانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری امید ہے کہ سلیکٹرز انہیں موقع دے کر شائقین کرکٹ کو مایوس نہیں کریں گے۔