اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) 2018ءکے عام انتخابات ملکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ہونگے، 21 ارب 29 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہو گی جو گزشتہ انتخابات سے چار گنا زیادہ ہے ۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق کمیشن کو 13 ارب روپے کی رقم آئندہ چند ہفتوں میں جبکہ 8 ارب روپے کی رقم آنے والے چند ماہ میں موصول ہو گی۔ نئی حلقہ بندیوں کیلئے 30 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئیں گے۔ اخراجات بڑھنے کی بڑی وجہ پولنگ سٹیشنز اورعملے کی تعداد میں اضافہ، سکیورٹی فیچر والے بیلٹ پیپرز کی چھپائی، لاجسٹکس ، سکیورٹی اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہے ۔ پولنگ سٹیشنز کی تعداد ستر ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ پولنگ سٹیشن میں اضافے کے باعث پولنگ عملے کی تعداد میں بھی دو لاکھ تک اضافہ ہوگا۔ پولنگ عملے کے اعزازیہ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ، پریذائیڈنگ افسران ، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کا اعزازیہ تقریبا دگنا ہو چکا ہے ۔ پولنگ عملے کو جامع تربیتی پروگرام کے تحت پہلے سے زیادہ طویل ٹریننگ دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی سکیورٹی پر پہلے سے کہیں زیادہ رقم خرچ کرنا ہو گی، پولنگ سٹیشنز کی تعداد بڑھنے کے باعث پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کی زیادہ تعداد درکار ہوگی۔ الیکشن کمیشن پولنگ سٹیشنز کیلئے 80 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے خرید رہا ہے ۔ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم اور رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کیلئے اربوں روپے درکار ہیں، ایک لاکھ سے زائد سمارٹ موبائل فون پولنگ عملے کو فراہم کئے جائینگے جن پر ایک ارب روپے تک اخراجات آئینگے ، الیکشن کمیشن ضلع کی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے گا یہ ٹیمیں انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے معاملات پرنظر رکھیں گی۔ انتخابی فہرستوں کی گھر گھر تصدیق کے عمل کو پہلے سے زیادہ موثر بنانے کیلئے بھی اخراجات میں اضافہ ہو گا۔