تازہ تر ین

مرنیوالوں کی تدفین نرسوں کا تین روزہ سوگ وکلاہ کا عدالتی بائیکاٹ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے زرغون روڈ پر گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کے اعضاءکے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے لاہور روانہ کر دئیے گئے ہیں، مارے جانے والے 9افراد کو گورا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، صوبے میں وکلاءکا عدالتی بائیکاٹ، بارز پر سیاہ پرچم لہرائے گئے، نرسوں کا تین روزہ سوگ، مسیح برادری کا کرسمس سادگی کے ساتھ منانے کا اعلان، پاک افغان سرحد پر سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے زرغون روڈ پر چرچ پر حملے میں مارے گئے 9افراد کی گورا قبرستان میں تدفین کر دی گئی ہے۔ مقتولین کی آخری رسومات میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خود کش حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف درج کر دیا گیا جن میں انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔ واقعہ پر صوبے میں فضا سوگوار ہے جبکہ چرچ حملے کے بعد بلوچستان کی مسیحی برادری نے کرسمس سادگی سے منانے کا اعلان کر دیا۔ مسلم لیگ(ن) کی اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی انیتاعرفان، پادری سائمن بشیر، ناصر مسیح، شہزاد کندن، بشپ امانت نے کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کرسمس سادگی اور جاں بحق افراد کو یاد کر کے منائیں گے۔ متاثرہ چرچ کے پادری سائمن بشیر نے کہا حملے کا کوئی تھریٹ نہیں تھا، مسیحی برادری کے رہنماں نے کہا آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں سے دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر آسان ہدف کو نشانہ بنا رہے ہیں، ملک میں انتشار، خوف و ہراس اور سسٹم کو مفلوج کرنے کی منظم سازش کی جا رہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ادھر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے جسم کے اعضا کے نمونے ڈی این اے کے لیے حاصل کرلیے ہیں، نمونے ڈی این اے کےلئے پنجاب فارنزک لیبارٹری لاہور بھجوا دئیے گئے ہیں، جبکہ نادرا سے بھی شناخت میں مدد لی جائے گی۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز زرغون روڈ پر واقع میتھوڈسٹ چرچ پر دہشت گرد حملے کامقدمہ رات گئے سول لائن تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل، ایکسپلوزیو ایکٹ، انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ تحقیقاتی اداروں کی جانب سے حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہلاک دہشت گردوں کے جسمانی اعضا کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں جنھیں ڈی این اے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوایا جارہا ہے۔ دہشت گردوں کی نادرا سے شناخت میں مدد کے لیے فنگر پرنٹ بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔ واقعے میں ملوث 2حملہ آور سکیورٹی اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ہوگئے تھےجن کی تلاش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب واقعے میں زخمی56افراد میں سے 31کو ضروری طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسپتال سے رخصت کردیا گیا، دیگر کو طبی امداد دی جارہی ہیں۔گرجا گھر پر حملے میں 9افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔ کوئٹہ چرچ حملے کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج ویڈیو جاری کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دہشت گرد دروازہ پھلانگ کر اندر داخل ہوا جس کے بعد اس نے دوسرے دہشت گرد کےلئے دروازہ کھولا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دہشت گردوں نے چرچ کے دروازے کے ساتھ قائم چیک پوسٹ پر تعینات اہلکار کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے بعد اہلکار نے اپنی پوزیشن سنبھالی۔ اس دوران ایک دہشت گرد دروازہ پھلانگ کا اندر داخل ہوا جس کے بعد اس نے کنڈی کھول کر دوسرے دہشت گرد کو اندر بلایا جس کے بعد پوزیشن سنبھالے اہلکار کی فائرنگ سے پہلا دہشت گرد دروازے پر ہی مارا گیا جبکہ دوسرے نے چرچ کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔ جواں مرد اہلکار نے بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو مصروف کیے رکھا اس دوران فورسز کو کمک پہنچانے کا وقت مل گیا۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain