لندن (خصوصی رپورٹ) وزیرخزانہ اسحاق ڈار جو تین ماہ کی رخصت پر ہیں، کی اگلے ہفتے پاکستان واپسی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ حدیبیہ ملز کیس سپریم کورٹ سے خارج ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ حدیبیہ ملز کیس میں اسحاق ڈار اہم گواہ اور کردار تھے جس کی وجہ سے انہوں نے برطانیہ میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وفاقی وزیر خزانہ کیخلاف منی لانڈرنگ، بیرون ملک اثاثوں، جائیدادوں کے حوالے سے کئی مقدمات ، احتساب عدالت میں زیر سماعت تھے یکن سب سے اہم مقدمہ حدیبیہ پیپرز ملز کا تھا جس میں وہ اہم گواہ تھے ۔ حدیبیہ پیپرز ملز کیس کھلتے ہی وہ بیرون ملک چلے گئے جہاں علالت کے باعث ہسپتال میں داخل ہوگئے پھر انہوں نے وہیں رہنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اب سپریم کورٹ سے کیس خارج ہونے کے بعد وفاقی وزیرخزانہ نے اگلے ہفتے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔