لاہور(ویب ڈیسک)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اگلے وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے اور ان کی انتخابی مہم اور تحریک ساتھ ساتھ چلے گی۔رائیونڈ جاتی امرا میں منعقدہ ایک اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تحریک عدل، سویلین بالادستی اور مضبوط جمہوریت ا?ئندہ انتخابات میں ہمارے بنیادی اصول اور نعرے ہوں گے، امید ہے کہ قوم ان کو پذیرائی بخشے گی۔ اجلا س میں سینیٹر پرویز رشید، عرفان صدیقی، دانیال عزیز اور ابصار عالم بھی موجود تھے۔نواز شریف نے کہا کہ عدل و انصاف جمہوری معاشروں کے لیے ناگزیر ہوتا ہے، جب انصاف کے پیمانے پسند و ناپسند پر الگ الگ ہو جائیں تو پھر معاشروں میں استحکام نہیں آتا ہے۔ان کا کہنا تھا، ‘مجھے محض اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دے کر گھر بھجوا دیا گیا جبکہ عمران خان کے حوالے سے بہت کچھ ہونے کے باوجود انہیں اہل قرار دیدیا گیا، میں دونوں مقدمات کے فیصلوں کے تضادات سے قوم کو آگاہ کروں گا’۔نواز شریف نے کہا کہ 70سالہ خرابیاں دور کرنے کے لیے کسی کو تو کھڑا ہونا پڑے گا، ‘میں کھڑا ہوں اور ہر طرح کی صعوبتیں برداشت کرنے کو تیار ہوں، یقین کریں ثابت قدم رہوں گا، ہمارا عوامی اور سیاسی مقدمہ بہت مضبوط ہے اور عوام کھرے کھوٹے اور سچ جھوٹ کی پہچان اور ادراک رکھتے ہیں’۔