اسلا م آبا د (ویب ڈیسک)نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے نیشنل اسپیس پروگرام2047 اور نیوکلیئر پاور پروگرام کی منظوری بھی دے دی، دونوں پروگرام نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھےگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو اسٹریٹجک صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے ہمسایہ ملک کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے بڑے پیمانے پر اسلحہ کی تیاری، بحرہند کو جوہری بنانا، بیلسٹک میزائل کی تیاری اور تنصیب جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے نئے میزائل بابر تھری اور میزائل سسٹم ابابیل کے کامیاب تجربے کو سراہا۔اتھارٹی نے کہا پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہش مند ہے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے ہمسایوں سے مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے صحت، زراعت، ادویات اور انڈسٹری کے شعبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اس حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ اس سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔