لاہور(ویب ڈیسک) مظہر عباس کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا اب بھی مشکل ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے بھائی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو اپنا جانشین مقرر کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ شہباز شریف آئندہ انتخابات میں ن لیگ کے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔اس حوالے سے اب نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا اب بھی مشکل ہے۔ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا آئندہ انتخابات میں ن لیگ کی کارگردگی پر منحصر ہے۔ ممکنہ طور پر شاہد خاقان عباسی ہی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ن لیگ کے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔ مظہر عباس کا کہنا ہے کہ وفاق میں ن لیگ کی پوزیشن کمزور ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ پنجاب میں ن لیگ ممکنہ طور پر باآسانی کامیابی حاصل کر لے گی۔ ایسے میں شہباز شریف پنجاب حکومت کو ہی سنبھالیں گے۔