اسحاق ڈار کی عدم پیشی پر عدالت برہم، ضامن کو 4 دسمبر تک مہلت

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مفرور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی جب کہ ملزم کو پیش کرنے کے لیے ان کے ضامن کو 4 دسمبر تک کی مہلت دی گئی ہے اور عدم پیشی کی صورت میں ضمانت ضبط ہوجائے گی۔تفصیلات  کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ ضامن کو ملزم پیش کرنے کیلئے 4 نوٹسز جاری کئے گئے لیکن ملزم پیش نہ ہوا۔ضامن نے کہا کہ اسحاق ڈار کے دومرتبہ دل کے اسٹنٹس تبدیل ہوچکے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اب آپ کہہ رہے ہیں کہ اسٹنٹ ڈالے گئے، جبکہ پہلے کہا گیا کہ شریانوں میں لیکیج ہے۔ ضامن نے کہا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیلئے تین سے چار ہفتے درکارہیں، ان کی انجیو گرافی ہوچکی ہے رپورٹس کا انتظار ہے، اسحاق ڈار کا پتہ کرنے میں خود بھی برطانیہ جا رہا ہوں ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضامن کے بیانات میں تضاد ہے، ملزم کی مسلسل عدم حاضری کی وجہ سے ان کا زرضمانت ضبط کیا جائے۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے ضامن کو ملزم کو پیش کرنے کیلئے 4 دسمبر تک مہلت دے دی اور عدم پیشی کی صورت میں 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط ہوجائے گی۔آج آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز ہوا اور ان کی طلبی کا اشتہار نیب عدالت کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کردیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے دستخطوں سے جاری ہونے والے اشتہارکے متن میں اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیتے ہوئے انہیں 10 روز میں احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ اشتہار میں کہا گیا کہ اگر سابق وزیر خزانہ 10 دن میں پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 24 نومبر کو ہونے والی سماعت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی نے انہیں احتساب عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی تھی۔

ٹیکس چور کیو موبائل کے ایڈمن منیجر بارے شرمناک خبر، ٹھوس ثبوت مل گئے

کراچی(سٹی رپورٹر) کیو موبائل/ میگااسمگل کیس میں اہم پیش رفت مقامی عدالت نے ایڈمن منیجر محمد عماد کی درخواست ضمانت مسترد کردی،عدالت نے چیف فنانس آفسر بابر سلطان کی عبوری ضمانت بھی منسوخ کردی تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کر لیے گئے،ملزم محمد عماد دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرچکا،ذیشان یوسف نے اسمگل شدہ موبائل فونز بنگلے میں چھپانے کی ہدایت کی تھی ، ملزم کے اعترافی بیان کے مطابق یہ اقدام کسٹم حکام کی جانب سے ایک کنٹینر پکڑے جانے کے باعث کیا گیا ، سی ایف او ڈی جی کام بابر سلطان اور ڈائریکٹر یوسف ذیشان ودیگر بھی ایف آئی آر میں نامزد ہیں،ایف آئی آر میں تینوں ملزمان کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے ،محمد عماد کے بیان کے مطابق اسمگل شدہ کنٹینر برا?مد ہونے کے بعد تینوں ملزمان دبئی فرار ہوگئے ،ایف بی آر حکام کے مطابق ڈی جی کام کیو موبائل کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں ،ڈی جی کام کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے تحت کی جا رہی ہیں ،منی لانڈرنگ کی تحقیقات مکمل ہونے پر الگ سے مقدمہ درج کیا جائے گا ،کسٹم حکام کے دلائل کے بعد عدالت نے ملزم محمد عماد کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ،عدالت نے ملزم عماد کو دوبارہ جیل بھیج دیا ،ضمانت منسوخ ہونے پر ملزم بابر سلطان کو کسٹم حکام نے گرفتار کر لیا، یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف کروڑوں روپے ڈیوٹی چوری کرنے کے مقدمات درج ہیں۔

پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں قطری شہزادے کی پھر انٹری

 لاہور(ویب ڈیسک) جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور قطری شہزادہ حمد بن جاسم کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہزادہ حمد بن جاسم کی قیادت میں قطر کا 13 رکنی وفد خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا جہاں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے خود ان کا استقبال کیا۔ وفد کو لاہور پہنچنے پر سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔ جاتی امرا میں نواز شریف اور قطری شہزادے حمد بن جاسم کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز، مریم نواز ، پرویز رشید، مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما اور سابق چئیرمین نیب سیف الرحمن بھی شریک ہوئے۔قطری وفد کی آمد کے نتیجے میں ملک میں جاری سیاسی انتشار اور پاناما لیکس سے متعلق جاری مقدمات کے حوالے سے اہم پیش رفت ممکن ہے۔ وفد تین سے چار روز تک پاکستان میں قیام کرے گا تاہم کچھ ارکان کل صبح واپس اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔ وفد کے کچھ ارکان کو مال روڈ کے ہوٹل اور باقی کو نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ٹہرایا جائے گا۔قطری وفد کو 12 گاڑیوں میں انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہور ائرپورٹ کے حج ٹرمینل سے روانہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قطری وفد کے جمعے کو پاکستان آنے کی اطلاع تھی لیکن وہ دو روز پہلے ہی پہنچ گیا۔ اس سے قبل 3 دسمبر 2016 کو بھی شہزادہ جاسم سمیت شاہی خاندان کے 12 افراد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی طرف سے جو دستاویزات جمع کروائی گئی تھیں ان میں لندن فلیٹس کے بارے میں قطری شہزادے کا خط بھی شامل تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کے والد میاں شریف نے 1980 میں قطر میں ایک کروڑ بیس لاکھ قطری ریال کی سرمایہ کاری کی تھی۔ شہزادہ جاسم کے ذمے میاں شریف کے 80 لاکھ امریکی ڈالر واجب الادا تھے جو 2005 میں نیلسن اور نیکسول کمپنیوں میں شیئر کی صورت میں ادا کیے گئے۔

سیاستدانوں اور سرکاری افسران نے کراچی بیچ ڈالا،35ہزار پلاٹس پر چائنہ کٹنگ کا انکشاف

کراچی (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ رجسٹری میں ڈی جی کے ڈی اے نے رفاہی پلاٹس پر قبضے کے کیس کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ میں 35 ہزار پلاٹس پر چائنہ کٹنگ اور قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔ عدالت نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا رفاہی پلاٹ پر نذیر حسین یونیورسٹی کیسے بنی؟۔سپریم کورٹ رجسٹری میں رفاعی پلاٹس پر قبضے کے کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی کو جھاڑ پلا دی۔ ڈی جی نے کے ڈی اے رپورٹ میں 20 سالوں کے دوران 35 ہزار پلاٹس پر قبضہ اور چائنا کٹنگ کا اعتراف کیا اور کہا دو دن میں 27 مقامات پر غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔ عدالت نے کہا خود سے کام کیوں نہیں کرتے، ہمیں بتانا پڑے گا کیا کرنا ہے؟، کیا دفتروں میں سونے جاتے ہیں؟ ہمیں سوچ کر بتائیں کراچی کا مستقبل کیسے بچائیں گے؟۔عدالت نے یونیورسٹی روڈ اور صدر میں تجاوزات اور شہر میں بل بورڈز کے کھمبوں پر رہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا شہر کی خالی زمینیں سیاستدانوں، سرکاری افسران اور رشتہ داروں کو بیچنے کے لئے نہیں ہیں، کسی کے خلاف دیوانی مقدمہ قائم کرنا ہے یا فوجداری، جائیں اور دو ماہ میں قبضہ ختم کرائیں۔ عدالت نے درخواست گزار خاتون کو پلاٹ دو ہفتوں میں دینے کی بھی ہدایت کر دی۔

خاتون کی ریلوے سٹیشن سے شادی

نیویارک (ویب ڈیسک ) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 45 سالہ کیرل نامی خاتون نے سانتا فے نامی ریلوے سٹیشن کی عمارت سے شادی کر لی اور ہر بیوی کی طرح نام کے آخر میں سٹیشن کا نام بھی شامل کرتے ہوئے اپنا نام کیرل سانتا فے رکھ لیا ہے۔کیرل گزشتہ 36 سال سے سانتا فے کی محبت میں گرفتار ہے اور حیران کن طور پر دعویٰ کرتی ہے کہ وہ بھی اس سے محبت کرتا ہےکیرل روزانہ بس کے ذریعے 45 منٹ کا سفر کرکے سانتا فے آتی ہے اور یہاں وقت گزارتی ہے۔وہ کہتی ہے کہ میں اپنے شوہر کیساتھ وقت گزارنے آتی ہوں۔

 

پاک فوج کیخلاف زہر اگلنے والی ایمان مزاری کا ہر وقت شراب میں دھت رہنے کا انکشاف

لاہور(ویب ڈیسک )تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے فوج کے خلاف نا زیبا زبان کا استعمال کیا تو انہیں سوشل میڈ یا پر تنقید کا نشانہ بنا دیا گیا ۔جہاں ایک طرف سوشل میڈ یا صارفین ایمان مزاری کے بیان پر سیخ پا ہیں تو دوسری جانب تحریک انصاف کے ہی رہنما نے ایمان مزاری پر اب تک کا شرمناک ترین الزام لگا دیا ہے ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے خیبر پختونخواہ سے تحریک انصاف کے یوتھ ونگ کے صدر ساجد فیاض خان نے الزام لگا یا کہ فوج کے خلاف بیان دینے والی ایمان مزاری ہمیشہ شراب کے نشے میں دھت رہتی ہیں ۔انہوں نے ایمان مزاری کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فوج کی ان گنت قربانیوں کی وجہ سے قائم دائم ہے ۔واضح رہے کہ سوشل میڈ یا پر جب سے ایمان مزاری کا ویڈیو پیغام وائرل ہوا ہے ،تب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے ۔ایمان مزاری نے اپنا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بھی بند کردیا ہے جبکہ ان کی والدہ اور تحریک انصاف کی رہنماشیریں مزاری نے بھی وضاحت دیتے ہوئے اپنی بیٹی کے خیالات سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے ۔

ایونکا ٹرمپ کا دورہ بھارت ، مودی کو پھر خفت کا سامنا

حیدرآباد (ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی تواضع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔لیکن مودی سرکار امریکی دختر اول کو خوش کرنے میں ایسی مگن ہوئی کہ نظام دکن کے خاندان کو بھی ناراض کردیا اور خاندان کے چشم و چراغ نجف علی خان کو حیدرآباد میں ‘تاج فلک نما’ ہوٹل میں دیئے گئے عشائیے میں مدعو ہی نہیں کیا۔این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں ایوانکا ٹرمپ کے لیے جس جگہ پر عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا وہ جگہ کبھی نجف علی خان کے آباؤ اجداد کی رہائش گاہ ہوا کرتی تھی لیکن اس اہم موقع پر نظام خاندان کو دعوت نامہ ہی نہیں دیا گیا۔ساتویں اور آخری نظام میر عثمان علی خان کے پوتے نجف علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کانفرنس کے منتظمین کو کئی خطوط لکھنے کے باوجود انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔حیدرآباد میں واقع ہوٹل فلک نما، چھٹے نظام میر محبوب علی خان کی رہائش گاہ تھی، جن کا انتقال 1911 میں ہوا۔ بعدازاں ایک عشرے قبل اس محل کو تاج گروپ نے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کردیا تھا۔

نجم سیٹھی پر بُرا وقت آگیا ،میڈیا پر تنقید کے بعد کیا کر دیا

لاہور(ویب ڈیسک) میڈیا میں تنقید ہونے پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے آڈٹ رپورٹ کے بارے میں وضاحتیں پیش کرنا شروع کردیں۔نجم سیٹھی نے چند روز قبل ہی گورننگ بورڈ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں دیا جانے والا بیان ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل ون اور ٹو ایڈیشن کا آڈٹ کرلیا جب کہ بورڈ آف گورنرز نے بھی آڈٹ رپورٹ منظور کرلی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آڈٹ میں ایک ماہ کی تاخیر سری لنکا کے دورئہ پاکستان کی وجہ سے ہوئی۔

انوشکا ” دل سے “ کونسا کردار چاہتی تھیں ‘ بتا دیا

ممبئی (خصوصی رپورٹ)بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے کہا ہے کہ وہ فلم ”دل سے“ کے ریمیک میں منیشا کوئرالہ کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ انوشکاشرما نے کہا کہ مجھے فلم ” دل سے“ اور منیشا کوئرالہ کا کردار بہت پسند ہے۔ منیشا کوئرالہ نے فلم میں اپنے کردار کو بہت عمدہ اور شاندار طریقے سے نبھایا۔ میرا خیال ہے کہ اس فلم کا ریمیک بننا چاہیے اور مجھے فلم میں منیشا کوئرالہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

فنی کیریئر کا پہلا چیک 5 ہزارروپے کا ملا:اکشے کمار

لاہور : ( ویب ڈیسک ) اکشے کمار کا کہنا تھا کہ فلم سے قبل کئی ماڈلنگ شوٹس بھی کئے اور مجھے اب بھی یاد ہے کہ اپنے فنی کیریئر کا پہلا چیک 5 ہزار روپے کا ملا تھا جس سے حاصل ہونے والی خوشی کو آج بھی محسوس کرتا ہوں تو خود کو تروتازہ پاتاہوں۔انہوں نے کہا ترقی کی منزل آہستہ آہستہ طے کی جاتی ہے اور جب تک پہلے زینے پر پاوں نہ رکھا جائے باقی مراحل طے نہیں ہوسکتے اس لیے اپنی پہلی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھیں۔اس وقت کے مہنگے ترین اداکاروں میں شامل اکشے کمار کا کہنا تھا مجھے دوسرا اور تیسرا چیک بالترتیب 50 ہزار اور ڈیڑھ لاکھ کا ملا تھا جسے میں کبھی نہیں بھول سکتا یہ وہ کامیابیاں ہیں جسکے بعد میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

\