ٹیسٹ رینکنگ: اظہر کو بیٹھے بٹھائے ترقی مل گئی

دبئی(آئی این پی) انٹرنیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی )نے تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بھارتی کر کٹ ٹیم پہلے اور پاکستانی ٹیم 7ویں نمبر پر موجود ہے۔بلے بازوں کی رینکنگ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ سر فہرست ،بھارتی بلے باز پجارا دو درجے ترقی کر کے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ ٹین میں واحد پاکستانی بلے باز اظہر علی ایک درجہ ترقی کے بعد8نمبر پر موجود ہیں۔ ٹاپ ٹین بالرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے لیگ سپنر یاسر شاہ15ویں نمبر پر موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق برسبین اور ناگپور ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ۔ بھارتی ٹیم پہلے جبکہ پاکستانی ٹیم 7ویں نمبر پر ہے ۔کوہلی الیون 125 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پرقابض ہے ۔ جنوبی افریقا 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ 105 پوائنٹس کےساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔نیوزی لینڈ کی چوتھی ،آسٹریلیا کی پانچویں جبکہ سری لنکا کی چھٹی پوزیشن ہے ۔ پاکستان 88 پوائنٹس کےساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے ۔ویسٹ انڈیز 8ویں،بنگلہ دیش 9ویں اور زمبابوے 10ویں نمبر پر موجود ہے۔بلے بازوں میں آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ سر فہرست ہیں ۔ بھارتی بلے باز پجارا دو درجے ترقی کر کے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا پانچواں نمبر ہے ۔ ٹاپ ٹین میں واحد پاکستانی بلے باز اظہر علی ایک درجہ ترقی کے بعد8نمبر پر موجود ہیں ۔بالرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نمبر ون ہیں ۔ ربادا دوسرے اور ایشون تیسرے بہترین بالر ہیں ۔ ٹاپ ٹین بالرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے لیگ سپنر یاسر شاہ15ویں نمبر پر موجود ہے۔

بھارتی کپتان کوہلی اور انوشکاکی ڈانس ویڈیو وائرل

نئی دہلی(نیوزایجنسیاں) ظہیر خان اور اداکارہ ساگاریکا کی شادی کی تقریب میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی ڈانس ویڈیو وائرل ہوگئی۔ظہیر خان اور ساگاریکا 23 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس کے بعد انہوں نے قریبی دوستوں کیلیے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں بالی ووڈ اور کرکٹ اسٹارز نے شرکت کی، تقریب میں ویرات کوہلی، انوشکا شرما، سشمیتا سین، ارشد وارثی، سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، ثانیہ مرزا، اجیت اگارکر اور دیگر بھی موجود تھے۔تقریب میں جہاں دیگر لوگوں نے رقص کیا، وہاں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے بھی رقص کرتے ہوئے خوب داد وصول کی، ایونٹ کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔واضح رہے کہ دونوں نے گزشتہ سال یووراج سنگھ اور ہیزل کیچ کی شادی کے موقع پر بھی خوب رنگ جمایا تھا۔

غیرملکی ماہر ’پروفیسر‘کاباﺅلنگ ایکشن درست کرائینگے

لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کی درستگی کیلئے غیرملکی ماہرکی مددلینے کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی نے باﺅلنگ ایکشن کی درستگی کیلئے محمد حفیظ کیساتھ بھرپور تعاون کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں برطانوی بائیو مکینکس ایکسپرٹ پال ہیرن کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن اکتوبرمیں سری لنکا کیخلاف سیریزکے دوران رپورٹ ہوا تھا، لندن کی لف برویونیورسٹی میں ایکشن کا بایومکینکس ٹیسٹ ہوا جس میں وہ ناکام ہوگئے اورآئی سی سی نے انہیں بولنگ سے روک دیا۔ذرائع کے مطابق ،پروفیسرکے بولنگ ایکشن کوٹھیک کرنے کیلئے غیرملکی ماہرکی مدد لی جارہی ہے۔ حفیظ برطانوی بایو مکینکس ایکسپرٹ پال ہیرن کی زیرنگرانی چارروز تک ایکشن کی بہتری پرکام کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسرکے ایکشن کوبہتربنانے پراٹھنے والے تمام اخراجات پی سی بی برداشت کرے گا۔

بی جے پی ہندو مسلم فسادات میں ملوث ہے: اروند کیجریوال

نئی دہلی (آئی این پی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ بی جے پی ہندو مسلم فسادات میں ملوث ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی نے تین سال میں ملک کو اتنا نقصان پہنچایا جتنا پاکستان سترسال میں نہ پہنچا سکا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی حکمران جماعت عام آدمی پارٹی کے قیام کی پانچویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما بدعنوان ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس نے کرپشن کر کے ملک کو نقصان پہنچایا۔ کیجریوال نے کہا بھارتیہ جنتا پارٹی مسلمانوں کو ہندوں اور ہندوں کو مسلمانوں کے خلاف لڑا رہی ہے۔ انہوں نے کہا بی جے پی نے کم عرصے میں بھارت کو تقسیم کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

 

ایوانکا ٹرمپ بھارت پہنچ گئیں، عالمی کاروباری اجلاس میں شرکت کریں گی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

نئی دہلی (آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ جوان کی مشیر بھی ہیں منگل کو الصبح بھارت پہنچ گئیں جہاں وہ عالمی کاروباری اجلاس میں شرکت کریں گی، اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اتنظامات کیے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایوانکا ٹرمپ بھارت پہنچ گی ہیںَ امریکی صدر کی بیٹی جوکہ امریکی وفد کی قیادت کررہی ہیں اجلاس کے افتتاحی سیشن میں شریک ہوںگی جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی میں شرکت کررہے ہیں۔ عالمی کاروباری اجلاس کی امریکہ بھارت مشترکہ طور پر میزبانی کررہے ہیں۔ جس میں 159ممالک کے 1500تاجر، کاروباری حضرات اور تجارت میں معاون آئی ٹی حکام بھی شریک ہونگے۔ تین روزہ اجلاس بھارتی ریاست حیدرآباد دکن کے حیدرآباد انٹرنیشنل کنوینشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔

 

مسجد نبوی میں جانے والا یہودی کس کی اجازت سے وہاں گیا، کس ملک نے پاسپورٹ دیا؟ اہم نکشافات، مسلم کمیونٹی میں ہلچل

لاہور (وقائع نگار) مسجد نبوی میں تصویریں بنانے والا اسرائیلی سعودی ولی عہد کا ذاتی دوست ہونے کا دعویدار ہے۔ اس نوعیت کا ایک انکشاف سعودی شہری نے سوشل میڈیا پر کیا ہے۔ سعودی شہری کے ٹوئٹ کی تصدیق امریکی سفارتخانے نے بھی کی جسے بعد میں ہٹالیا گیا۔ وہ کہتا ہے میں ذاتی طور پر حضرت محمد کو نبی تسلیم کرتا ہوں، مسجد نبوی میں اس لئے گیا کہ انبیاءکرام کی آرامگاہوں پر حاضری یہودی روایت ہے۔ میں سعودی عرب میں اسرائیلی نہیں روسی پاسپورٹ پر گیا جہاں میرے سعودی دوستوں نے میرا استقبال کیا۔ 31سالہ ”بین تسیون“ نے عرب میڈیا کو انٹرویو بھی دیا۔ کچھ روز قبل بین تسیون نے اپنے ایران، لبنان، سعودی عرب اور اردن کے دورے کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں۔ اس کے فیس بک کے صفحے پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں اسے مسجدِ نبوی میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تسیون نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے لوگ یہودی قوم کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ایک تصویر میں تسیون کو سعودی عرب کے ٹخنوں تک لمبے روایتی لباس میں تلوار کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جسے ”ثوب“ کہا جاتا ہے۔ وہ سعودی شہریوں کے ساتھ ڈانس کر رہا ہے۔ چند روز قبل اس نے بی بی سی عریبک کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں ریاض ہوائی اڈے کے ذریعہ اپنے سعودی دوستوں سے ملنے کے لئے قانونی طور پر اور سرکاری طور پر وہاں پہنچا تھا ظاہر ہے میں نے اپنے اسرائیلی پاسپورٹ کا استعمال نہیں کیا۔ سعودیہ کا قانون سب کو اجازت دیتا ہے کہ کسی بھی مسجد میں جاسکتے ہیں صرف مکہ کے لئے آپ کو خصوصی پرمٹ کی ضرورت ہے اور میں نے مذہب اسلام اور مسلم عوام کے احترام میں وہاں جانے کا کوئی ارادہ نہیں کیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنے دوست کے دوست کے ساتھ وہاں گیا کیونکہ ہمارے مذہب میں خاص رواج ہے مقدس جگہوں پر نبیوں اور نیک لوگوں کی آرام گاہ پر جانے کے لئے ایک بہت مضبوط روایت ہے اور میں ذاتی طور پر رسول اللہ کو بطور نبی ہی دیکھتا ہوںلہٰذا یہ ناممکن تھا کہ میں ایسی جگہ نہ جاﺅں جہاں وہ رہتے اور تبلیغ کرتے تھے اور جہاں اسلام قائم کیا گیا۔ اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے اپنے طریقے سے عبرانی میں لوگوں کے لئے اور مشرق وسطی میں امن کی دعا کی۔ دوسری جانب عرب دنیا اور بالخصوص سعودی عرب میں اس اسرائیلی کی تصاویر کی وجہ سے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو شدید تنقید کا سامنا ہے جو آجکل اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا چاہتے ہیں۔ ”ٹائمز آف اسرائیل “کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک صارف یوسف شبیر نے لکھا کہ یہودی کی مسجد نبوی میں تصویر قرب قیامت اور سعودی اسرائیلی رفاقت بڑھنے کی ایک مثال ہے۔ ایک اور سعودی شہری سعد الفائق نے جو لندن میں قیام پذیر ہے بین تسیون کو سعودی ولی عہد کا ذاتی دوست قرار دیا ہے جسے سعودی عرب میں موجود امریکی مشن کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ری ٹوئٹ بھی کیا گیا لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہٹا لیا گیا۔

 

دھرنے کے بعد پاکستان میں عالمی سطح پر منفی پیغام گیا، خورشید شاہ

اسلام آباد(آئی این پی ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کے بل کے معاملے کا حل سینیٹ اجلاس سے پہلے نکلنے کی امید ہے ، (ن)لیگ ہمیشہ پارلیمنٹ سے دوررہتی ہے،حکومت نے دھرنے کا معاملہ بھی پارلیمنٹ میں لانے سے گریز کیا، دھرنے کے بعد پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر منفی پیغام گیا ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ حالیہ دھرنے کے بعد پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر منفی لکھا گیا، پیپلزپارٹی ساری صورتحال پرپریشان ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ سے طاقت لی اورپارلیمنٹ کی قوت کو بڑھایا، پیپلزپارٹی کو پاکستان کے مثبت امیج، خود مختاری اورسالمیت کی فکر ہے انہوں نے کہا بحران میں واضح پیغام دیا کہ ہم جمہوریت اورپارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ نوازلیگ ہمیشہ پارلیمنٹ سے دوررہتی ہے، حکومت نے دھرنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے سے گریز کیا،حکومت نے جس طرح صورتحال کو ہینڈل کیا عدالت میں بھی اس حوالے سے ریمارکس سامنے آئے۔خورشید شاہ نے حلقہ بندیوں کے بل کی سینٹ سے منظوری کا معاملے پرکہا کہ سینیٹ کااجلاس دوبارہ ہونے سے پہلے حل نکلنے کی امید ہے۔خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن جن کو اپنا سمجھتی تھی وہی انکے سامنے کھڑے ہوئے ، دھرنے سے دنیا میں منفی پیغام گیا، پیپلزپارٹی ساری صورتحال سے پریشان ہے ۔

 

جو مانگنا ہے ہم سے مانگو، فوج نے ہمیں کیا پیغام بھجوایا، زاہد حامد کا استعفیٰ حکومتی کریڈٹ ہے یا نہیں، شہباز شریف نے ہمارے ساتھ تعاون کیوں نہ کیا، خادم حسین رضوی کا تازہ ترین انٹرویو

اسلام آباد (آن لائن) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ وزیر قانون زاہد حامد کا استعفیٰ فوج نے دلوایا۔ ہم نے صرف فوج سے بات کی کسی سویلین سے ہماری کوئی بات نہیں ہوئی، معاہدے پر وزیر داخلہ احسن اقبال کے دستخط بھی فوج نے کرائے۔ ہم نے صرف فوج پر اعتبار کیا۔ کسی سویلین پر ہمیں اعتماد نہیں۔ منگل کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ ہمیں کسی حکومتی شخصیات کی زبان پر اعتبار نہیں تھا۔ وزیر قانون زاہد حامد کا استعفیٰ آرمی چیف جنر قمر جاوید باجوہ نے دلوایا۔ ہم نے حکومت سے کہا کہ ہم حکومت کے کسی نمائندے سے بات نہیں کریں گے۔ زاہد حامد کے استعفیٰ کے بعد ہم نے حکومت سے بات شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبا زشریف جھوٹ بولتے ہیں۔ ثالثی شہباز شریف نے نہیں بلکہ آرمی چیف نے کرائی۔ فوج نے ہم سے کہا کہ جو مانگنا ہے مانگو ہم دیں گے۔ ہم نے زاہد حامد کا استعفیٰ مانگا ، فوج اور آئی ایس آئی کے بڑے عہدےداران ثالثی کراتے وقت موجود تھے۔ زاہد حامد کا استعفیٰ دلوانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معاہدے والے دن کسی سویلین سے بات نہیں کی۔ ہماری بات صرف فوج سے ہوئی، معاہدے پر احسن اقبال کے دستخط بھی فوج نے کرائے ہیں۔

 

کپتان پھر دُولہا بنیں گے،دلہن تیار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شوبز کی معروف شخصیت عائشہ وارثی کی شادی کے حوالے سے خبریں اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ یہ خبریں اس وقت گردش میں آئیں جب عائشہ وارثی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالا میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر عمران خان اورعائشہ وارثی کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان عائشہ وارثی کو تحریک انصاف کا پرچم دے رہے ہیں جبکہ ایک جگہ عائشہ وارثی عمران خان کے ساتھ محو گفتگو ہیں۔ عمران خان اور عائشہ وارثی کی شادی کی خبروں کے حوالے سے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور معروف تجزیہ کار عارف نظامی کا کہنا تھا کہ ان تصاویر کو اگر دیکھا جائے تو اس میں صاف نظر آتا ہے کہ عائشہ وارثی سے ملاقات کے دوران عمران خان خصوصی طور پر تیار ہوئے نظر آتے ہیں اور کسی شوبز پرسنیلٹی کی طرح لگ رہے ہیں۔ عارف نظامی نے کہا کہ ان کی اس ملاقات کے بعد عائشہ وارثی کے ساتھ ان کی شادی کی خبریں سامنے آنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں کیونکہ وہ اب ایک سرٹیفائیڈ بیچلر ہیں اور اس میں مجھے کوئی حیرانگی نہیں ہو گی اگر یہ بات سامنے آئے کہ عائشہ وارثی اور عمران خان دونوں کی جانب سے ایسی امیدیں سامنے آئیں۔عارف نظامی کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے کہ میری اس بات کے بعد کہا جائے گاکہ بابا جی! آپ شادیاں کراتے رہتے ہیں، اور پھر مجھے بڑی گالیاں پڑیں گی لیکن میں یہ کہوں گا کہ جادو وہ ہے جو سر چڑھ کر بولے۔ عارف نظامی کا کہنا تھا کہ مجھے سامنے آنیوالی تصاویر میں نہ جانے کیوں کچھ نیا لگ رہا ہے۔ عارف نظامی نے کہا کہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنےوالوں کو ویلکم کرنا عمران خان کے فرائض منصبی میں شامل ہے اور اہم افراد کو خود اپنے دست مبارک سے شامل کرنا اچھی بات ہے۔ عارف نظامی نے کہا کہ وہ ایک مصدقہ غیر شادی شدہ شخص ہیں فرق صرف یہ ہے کہ انہوں نے کہا ہے کہ جب تک میری جدوجہد کامیاب نہیں ہوتی اور منطقی انجام تک نہیں پہنچتی وہ شادی نہیں کرینگے۔

چین میں کرپٹ لوگ سزا ملنے پر خود کشی کر لیتے ہیں، عمران خان

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چین میں کرپٹ لوگ سزا ملنے پر خودکشی کر لیتے ہیں مگر ہمارے حکمران کرپٹ چوروں اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں۔منگل کے روز سماجی رابطے کی ویٹ سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے ڈی آئی خان لڑکی برہنہ کیس سے متعلق فیصلے پر ٹویٹس کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال بعد کسی عدالت کی رپورٹ میں پولیس کی تعریف ہوئی ۔ پشاور ہائی کورٹ نے آئی جی خیبرپختونخوا مسعود خان کی کارکردگی کی تعریف کی ۔ اب پی ٹی آئی مخالفین موقع پرستوں کی شرمناک مہم کا خاتمہ ہو جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک طرف چین میں کرپٹ لوگ سزا ملنے پر خودکشی کر لیتے ہیں جبکہ پاکستان میں ہمارے حکمران نااہل اور عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں ۔ (ن) لیگی حکومت موجودہ احتساب قانون کو کمزور کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ سزا سے بچ سکے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں انسداد کرپشن قوانین کا سخت نفاذ ہوتا ہے اور کرپٹ لوگوں میں معاشرتی بائیکاٹ کا خوف بھی جبکہ پاکستان میں حکمران عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو گلے لگاتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت کور گروپ کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں حکومت کے خاتمے کیلئے دباﺅ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حالیہ دھرنے نے حکومت کی نااہلی کا پول کھول دیا، موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے ان کو دھرنا ختم کرانے کیلئے فوج کی مدد لینا پڑی، اب وزیراعظم استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراءنااہل شحص کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، کابینہ جاتی امرا اور رائیونڈ کے چکر لگانے میں مصروف ہے اور کابینہ کے نااہل وزراءاپنے دفاتر جانا گوارا نہیں کرتے جبکہ اس غیر یقینی صورتحال کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔