ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک‘ این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف گزشتہ رات سعودی عرب سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے۔ انہوں
نے اپنے اس دورے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے القدس کے معاملے پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں نوازشریف کی شرکت کے حوالے سے کوئی معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ دونوں ملکوں کی انتہائی اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اپنا دورہ سعودی عرب ختم کر کے آج رات کو پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف بھی اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں تاہم ان کی وہاں مصروفیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی معلومات موصول نہیں ہو ئی ہیں۔سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر آج سعودی عرب سے پاکستان پہنچیں گے۔ وہ لاہور کی بجائے اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاہور آنے کا فیصلہ ترک کرکے اسلام آباد اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔