لاہور (خصوصی رپورٹ) فنڈز کی قلت کے باعث شہر کے چار میگا پراجیکٹ ڈراپ کر دیئے گئے۔ بیدیاں تا ہڈیارہ روڈ، لاہور تا ملتان لنک روڈ کی بحالی کے منصوبے کیلئے فنڈز دینے سے انکار کر دیا جبکہ شوکت خانم فلائی اوور کی تعمیر کیلئے ایک ارب روپے اضافی فنڈز منظور کرلیے گئے۔ پانچ میگا پراجیکٹس کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گیارہ ارب کے بجٹ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھا تھا جس میں چھ ارب روپے بینک آف پنجاب سے قرض لینے جبکہ پانچ ارب روپے سے زائد کا بجٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے دینے کا کہا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ کے سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے فنڈز کی قلت کی وجہ سے ایل ڈی اے کی سمری مسترد کرتے ہوئے شوکت خانم فلائی اوور کی تعمیر کے لیے ایک ارب کے اضافی فنڈز منظور کرلیے جبکہ دیگر چار پراجیکٹ ڈراپ کرنے کا حکم دے دیا۔ دستاویزات کے مطابق امداد اللہ بوسال نے ایک ارب روپے ایل ڈی اے کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔