لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے بند روڈ پر چھاپہ مار کر ہسپتال کا فضلہ جمع کرنے والا گودام پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران حبس بے جا میں رکھے گئے چار بچوں سمیت 8 افراد کو بھی بازیاب کرلیا گیا اور چھ ہزار کلو فضلہ قبضے میں لے لیا۔ بازیاب ہونے والے افراد کا کہنا تھا کہ مالک سے ایک لاکھ روپے ادھار لئے جس پر انہیں قید میں رکھ کر کام کرایا جارہا ہے۔ گودام مالک نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ چھاپے کے ڈر سے مزدوروں کو تالا لگوا کر کام کرا رہا ہوں۔ اے سی سٹی عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ ایسا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جارہے ہیں۔ ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمن نے کہا کہ گودام مالک کے خلاف چائلڈ لیبر ایکٹ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں گودام سیل کردیا۔