اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)حکومت کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید نے اپنے عہدے سے استعفی دیتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی کو ایک ماہ کی پیشگی اطلاع کا نوٹس بھجوادیا ہے۔ڈاکٹر ندیم نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں چیف اکانومسٹ پلاننگ کمیشن کے عہدے سے مستعفی ہوچکا ہوں ان کا کہنا تھا کہ میں حکومت کے لیے خدمات انجام دے چکا ہوں اور اب میں نے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے سے قبل سبکدوش ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جب ان سے مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں مختلف حوالوں سے سوچ بچار کررہا ہوں ، تاہم حتمی فیصلہ ایک ماہ بعد کروں گا ۔ پرائیوٹ سیکٹر کے لوگوں کا خیال ہے کہ حکومت کو دوبارہ اس اسامی کے لیے اشتہار دینے کا فیصلہ کرنا ہوگا، تاکہ پرائیو یٹ سیکٹر سے کسی شخص کو اس عہدے پر رکھا جاسکے کیوں کہ ان کا خیال ہے کہ اکانومسٹ گروپ میں اس عہد ے سے متعلق پیشہ ور فرد کورکھنے کی صلاحیت نہیں ہے۔
