لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے کابینہ کے اجلاس کے طلب کئے بغیر ہی آئینی تقاضے پورے کرنے کیلئے جدید طریقہ دریافت کرلیا ہے۔ تمام اہم حکومتی امورکے بارے میں کابینہ کی منظوری ضروری ہوتی ہے لیکن اہم حکومتی امور کے بارے میں کابینہ کا باضابطہ اجلاس طلب کئے بغیر ہی اہم مسودہ جات کی منظوری دیناشروع کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف دیگر مصروفیات کی وجہ سے کابینہ کے اجلاس کی صدارت نہیں کرپاتے۔ پنجاب کابینہ کے متعدد بار اجلاس طلب کرنے کے بعد ملتوی کردئیے جاتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزراءکی سرگرمیوں کے باعث بھی حاضری مکمل ہونا ممکن نہ رہا جس کی بنا پر مختلف سرکاری مسودہ جات پر کابینہ کے تمام اراکین کے دستخط کروا کر اسے منظوری کی شکل دیدی جاتی ہے اور اب کسی بھی معاملہ پر کابینہ کا اجلاس بلوانے کے بجائے اہم دستاویزات پر دستخط کروا کر یہ ظاہر کیاجاتا ہے کہ کابینہ نے اس کی منظوری دیدی ہے۔ اس طرح کابینہ کا اجلاس بلوائے بغیر آئینی تقاضا پورا کرکے حکومتی معاملات چلائے جارہے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کابینہ کا بوجھ کم کرنے کیلئے بنائی گئی سب کمیٹیوں کے اجلاس بھی التوا کا شکار ہونا معمول بن گیا ہے۔ یاد رہے وزیراعلیٰ شہبازشریف اپنے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں صرف چند بار ہی پنجاب اسمبلی کے ایوان میں آئے، اپوزیشن مسلسل اس پر احتجاج بھی کرتی رہی ہے۔