ملتان (خصوصی رپورٹ) معروف مذہبی سکالر مفتی عبدالقوی نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں اور ان کا بشری مانیکا سے نکاح ہوچکا ہے،عمران خان کی جانب سے نکاح کا جس روز اقرار کیا جائے گا ان کے ولیمے کی دعوت کا اہتمام میری طرف سے کیا جائے گا۔ملتان میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے ا ن کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے مسلسل خاموشی برقرار رکھنا اور شادی کی خبر کو نہ جھٹلانا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ دونوں اپنی شادی کا اقرار کرچکے ہیں لیکن عمران خان کچھ سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے شاید ابھی اپنی تیسری شادی کا اعلان کرنا مناسب نہیں سمجھتے اس لئے ان کی جانب سے تاحال خاموشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نکاح کی خبر آنا خوشی کی بات ہے ، ہم اس بات پر خوش ہیں کہ عمران خان نے اپنا گھر بسانے کی خاطر اپنی زندگی کا اہم فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مزاج میں کچھ روز کے دوران آنے والی واضح تبدیلی اس بات کی گواہ ہے کہ ان کی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی رونما ہوچکی ہے۔