اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سپریم کورٹ کے احکامات پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے مصنوعی ہارمون انجکشن آر بی ایس ٹی کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کردی ہے۔ ڈریپ نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو مذکورہ انجکشن کی تیاری بند کرنے اور بازار میں موجود سٹاک واپس لینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ڈریپ نے فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز اور صوبائی وزارتوں کو مذکورہ احکامات پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ ڈریپ نے صوبائی حکومتوں اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ مویشیوں میں دودھ کی پیداوار میں اضافہ کرنیوالے انجکشن کی خرید و فروخت کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں اس حوالے سے بوسٹن انجکشن رجسٹریشن نمبر 020819 بوسٹن ایس انجکشن رجسٹریشن نمبر 09645 اور سوماٹیک انجکشن رجسٹریشن نمبر 020827 کی رجسٹریشن کو منسوخ کرتے ہوئے ڈریپ نے ان انجکشنوں کی تیاری اور فروخت کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
