لاہور(ویب ڈیسک )وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ قصور میں کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا جائے گا۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پیش آنے والے واقعات کے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا اور اب بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم کے ساتھ بچی اس طرح جارہی ہے جیسے وہ بچی کا رشتہ دار یا محلہ دار ہے تاہم ملزم کو چند گھنٹے میں گرفتار کرلیا جائے گا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے نا تو پہلے کوتاہی کی گئی اور نہ اب کی جائے گی اور یہ کہنا غلط ہے کہ پولیس نے اس کیس پر کوئی کام نہیں کیا۔صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا ہماری ذمہ داری ہے کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے اور اسے سزا ہو، یہ سنگین واقعہ ہے۔پرتشدد احتجاج پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ لوگوں کو اپنے غم و غصے کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے لیکن املاک کو نقصان پہنچانا مناسب نہیں، معاملے کو سلجھانے اور ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔