قصور (بیورو رپورٹ) سات سالہ زینب کی پوسٹمارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زینب کے قتل کرنے سے قبل بری طرح زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ قصور کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ایم ایل او نے بتایا کہ زینب کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔ اس کے جسم کے نازک حصوں پر بھی نشانات تھے۔ اس بات کے بھی شواہد ملے ہیں کہ زینب کے ساتھ بری طرح زیادتی کی گئی۔ زینب کا پوسٹ مارٹم منگل کو ہی کر لیا گیا تھا۔ ایم ایل او نے مزید بتایا کہ زینب کے جسم پر بھی تشدد کے نشانات تھے۔ اس کی زبان بھی بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ جب اس کی لاش ملی اس کی زبان دانتوں میں دبی ہوئی تھی۔ اس کی گردن کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔ ایم ایل او نے مزید بتایا کہ زینب کی موت منگل سے دو تین روز قبل ہی ہو چکی تھی۔ زینب 4جنوری کو گھر سے لاپتہ ہوئی تھی، شبہ ہے کہ اس کے اغوا کاروں نے اسے دو یا تین روز قبضے میں رکھا۔ ایم ایل او نے بتایا کہ زینب کے جسم سے اہم شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ یہ شواہد لاہور بھجوا دئیے ہیں۔ ان کی رپورٹ تین ماہ بعد متوقع ہے۔ ایم ایم او نے بتایا کہ 7ماہ کے دوران اس نوعیت کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ ان میں سے صرف ایک بچہ زندہ بچا ہے جبکہ دیگر کیسز میں موت واقع ہو گئی۔