لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے روحانی پیشوا پیر حمیدالدین سیالوی کو حکومت ہٹاﺅ تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دے دی ہے جس کیلئے بزرگ رہنما نے ساتھیوں سے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے اور کہا ہے کہ وہ جو فیصلہ کریں گے اپنے ساتھیوں کے مشورے سے کریں گے۔ امکان ہے چند روز میں اس ضمن میں مثبت پیشرفت ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وہ 13جنوری کو انفرادی دھرنا کی بجائے اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے متفقہ حکومت ہٹاﺅ تحریک میں شامل ہو جائیں۔ پیر حمیدالدین سیالوی نے پیر آف تونسہ شریف خواجہ عطاءاللہ کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ساتھیوں کے مشورے سے کریں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ حکومت ہٹاﺅ تحریک میں آنے والے تمام اخراجات کاخرچہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ق لیگ کی طرف سے تین وقت کھانا‘ پانی اور جوس دینے کے علاوہ پنڈال کیلئے سٹیج‘ کرسیاں اور ٹینٹ وغیرہ پر اٹھنے والے تمام اخراجات ادا کئے جائیں گے۔
