لاہور (نیااخبار رپورٹ) پاکستان میں کم عمر بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات تشویشناک صورتحال اختیار کر گئے‘ 6ماہ میں 1700سے زائد بچے اور بچیاں جنسی درندوں کے ہتھے چڑھ گئے۔ غیرسرکاری تنظیم کے اعدادوشمار کے مطابق ہر روز 18سال سے کم عمر 11بچوں کو انسانیت سوز واقعات کا سامنا رہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کم عمر بچوں سے زیادتی کے واقعات میں سالانہ 10فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیم ساحل کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں سالانہ 2016ءسے جون 2017ءتک 6ہزار کے قریب بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بچوں سے زیادتی کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں پنجاب 62فیصد واقعات کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ 28فیصد واقعات کے ساتھ سندھ کا دوسرا نمبر ہے۔ کم عمر بچوں سے زیادتی کے 10فیصد کیسز بلوچستان‘ خیبر پختونخوا‘ فاٹا‘ آزادکشمیر اور وفاق سے رپورٹ ہوئے ہیں۔