تازہ تر ین

اینی میٹڈ ، دہشت ، رومانس پر مبنی 3 پاکستانی فلمیں نمائش کیلئے تیار

لاہور (شوبز ڈیسک) 2018فلم انڈسٹری کے لئے بہت اچھا سال ثابت ہو رہا ہے، سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والی فلم ”پرچی “ نے بھی سینما گھروں میں ریکارڈ بزنس کیا ہے اور اب اسکے بعد 3فلمیں ”اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور “ ،ہارر فلم ” پری“ اور ”مان جاﺅ نا“2فروری کوسینما گھروں میں نمائش کےلئے تیار ہیں ۔پاکستانی اینی میٹڈ فلم ”اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور “ کی کہانی پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں رہنے والے ایک بچے اللہ یار کی ہے۔ جو ایڈونچر سے بھرپور سفر کے لئے نکلتا ہے۔فلم کے ذریعے بچوں اور بڑوں تک جنگلی حیات کے تحفظ کا پیغام پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔فلم میںسفر کے دوران اس کی دوستی پاکستان کے قومی جانور ماخور اور قومی پرندے چکور سے ہو جاتی ہے۔ دنیا بھر میں خوف اور دہشت پھیلانے والی فلموں کو بے حد پسند کیا جاتا ہے جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد خوفناک اور ڈرانی فلمیں دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کرتی ہے۔ پاکستان میں بھی اپنی نوعیت کی پہلی ہارر فلم ” پری“ بھی 2فروری کوریلیز ہونے جارہی ہے۔ ”پری“کی کہانی ایوبیہ کے ایک گھر میں بسنے والوں کی ہے۔فلم کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد ناصرف اسے دیکھ چکی ہے بلکہ لوگوں کی جانب سے بےحد سراہا بھی جارہا ہے۔ پاکستان سینما انڈسٹری نے گزشتہ برسوں میں کئی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور کچھ برسوں سے پاکستانی فلموں کا معیار بھی بہت بہتر ہواہے۔ اب پاکستانی فلموں کا بجٹ زیادہ ہونے کے ساتھ فلمساز یہاں مختلف تجربات بھی کررہے ہیں جنہیں شائقین اور فلمی تجزیہ نگاروں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہاہے۔ فلم پری بھی پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک خوشگواراضافہ ہے۔ پری ہدایت کار عاطف علی کی پہلی فلم ہے جب کہ ٹریلر کو دیکھ کر صاف اندازہ ہورہا ہے کہ فلم میں انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ فلم کے مکالمے اور اداکاری جاندار ہے۔ فلم میں زیادہ تر نئے چہروں کو متعارف کرایا گیا ہے تاہم پاکستان کے نامور اداکار قوی خان بھی فلم میں شامل ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں خوشی ماہین، رشید ناز، سلیم مراج، ازیکھا ڈینئل، جنید اختراور فائق عاصم شامل ہیں۔ فلم کی کہانی عاطف علی اور محمد احسن نے مل کر تخلیق کی ہے، مبین محمود فلم کے ایگزیکٹیو پروڈیوسرہیں، جب کہ فلم کی موسیقی مسود عالم نے دی ہے۔لالی وڈ کی کامیڈی اور رومانس سے بھرپور فلم ”مان جا ﺅنا“بھی 2فروری کو ریلیز ہونے کو تیار ہے۔فلم ”مان جاﺅ نا“کے فلم ساز محمد خالد علی ہیں جب کہ اس کی ہدایات عابس رضا نے دی ہیں۔فلم میں ایکشن، تھرل، کامیڈی اور رومانس سب ہی کچھ شامل ہے۔فلم کا ٹریلیر ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے جب کہ شائقین اب بے صبری سے فلم کے ریلیز ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔فلم ”مان جاﺅ نا“کی کاسٹ میں عدیل چوہدری، ایاز سومرو، علی گل پیر، حاجرہ یامین اور خوبرو ایرانی ماڈل ناز نوروزی شامل ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ سینئر اداکارہ بشری انصاری اور اداکار آصف رضا میر بھی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔ ان تینوں فلموں کی ریلیز سے فلم بینوں کو ان کی پسند کی فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔

 


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain