اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅجنگ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اس موقع پر چینی سفیر کاکہنا تھاکہ عمران خان ایک قومی رہنما ہیں ، ان سے ملاقات پر بہت مسرت ہوئی۔تحریک انصاف پاکستان کی سب سی بڑی سیاسی جماعت ہے۔گزشتہ روز یہاں ہونے والی ملاقات میں جہانگیر ترین ، علیم خان، ڈاکٹر شہزاد وسیم، فواد چوہدری، شاہ فرمان، عامر کیانی اور اسحق خاکوانی بھی موجودتھے۔اس موقع پرچینی سفیر کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالا تر ہے۔ پاکستان چین دوستی کی جڑیں ان کے عوام میں ہیں۔ اس دوستی کی تمام جہتیں عوامی بنیادوں پر ہیں۔ سی پیک ایک قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس پر مکمل اعتماد ہے۔تحریک انصاف سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ افغانستان کا امن پاکستان کے امن میں پنہاں ہے۔تحریک انصاف افغانستان میں امن کے لیئے چین کی کوششوں کو قدر کی نگاہ دیکھتی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ وہ مارچ کے اواخر یا اپریل کے اوائل میں چین کا دورہ کریں گے ۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں عثمان ڈار نے عمران خان کو بتایا کہ خواجہ آصف کے بے نامی ٹرانزیکشن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی عثمان ڈار نے کہا کہ منی لانڈرنگ کرنے کے لئے خواجہ آصف کی اہیلہ کے کا¶نٹس بھی استعمال ہوئے ہیں اب خواجہ آصف کی نااہلی اوپن اینڈشٹ کیس بن چکا ہے عمران خان نے عثمان ڈار کو ہدایت کی کہ دستاویزاتی شواہد عدالت کے روبرو پیش کئے جائیں اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر خواجہ آصف کی نااہلی اب یقینی ہوچکی ہے جس پر عثمان ڈار نے عمران خان کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے نواز شریف کے فرنٹ مین بن کر منی لانڈرنگ کی جس کے اب ناقابل تردید ثبوت اور شواہد سامنے آچکے ہیں جنہیں خواجہ آصف نہیں جھٹلا سکتے ۔