شیخ رشید کی دھماکے دار انٹری

اسلام آباد(آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدآج اہم پریس کانفرنس کریں گے پریس کانفرنس میں کئی اہم اعلانات متوقع ہیں تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد آج (منگل) کو نیشنل پریس کلب میں دن 3بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

چئیرمین نیب کی اپنوں کیخلاف کاروائی نے سب کی آنکھیں کھول دیں

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کرپشن سکینڈل کی راولپنڈی سے کراچی نیب کو ٹرانسفر کرنے پر چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی ناصر اقبال سے جواب طلب کرلیا ہے۔ ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایل این جی کرپشن سکینڈل کی تحقیقات نیب دائریکٹوریٹ کراچی منتقل کردیں جو کہ ایک قانونی اقدام ہے۔ آن لائن کو ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر قبال کے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے اور سخت اقدامات کا فیصلہ بھی کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ نیب کے اندر نیب بنانے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ ایل این جی کرپشن سکینڈل کے بڑے ملزمان میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا‘ پی ایس او کے ایم ڈی شیخ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ درجن سے زائد افسران شامل ہیں۔

گلوکارہ رابی پیرزادہ پشتو گانے کی تیاریوں میں مصروف

لاہور (شوبز ڈیسک)گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ ایک اور تجربے میں مصروف ہو گئیں ۔ بتایا گیا ہے کہ رابی پیرزادہ ان دنوں ایک پشتو گانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور عنقریب وہ اس گانے کی ریکارڈنگ شروع کر دی جائے گی ۔ یہ رابی پیرزادہ کے فنی کیریئر کا پہلا پشتو گانا ہو گا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ رابی پیرزادہ کو نت نئے تجربات کرنے کا جنون ہمیشہ سوار رہتا ہے اور وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی تگ و دو میں مصروف رہتی ہیں۔
علاوہ ازیں ان کا لاہور میں بننے والا دوسرا بیوٹی سیلون بھی مکمل ہو چکا ہے جس کا عنقریب افتتاح کر دیا جائے گا ۔

 

نیلم منیر ‘احسن خان کی فلم ” چھپن چھپائی “کا شاندار بزنس

لاہور (شوبز ڈیسک)فلم ” چھپن چھپائی “ 25روز کے دوران 7کروڑ کا بزنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔میڈ یا رپورٹ کے مطا بق سال 2017 ء کے آخر میں ریلیز ہونیوالی اداکار احسن خان اور نیلم منیر کی فلم ” چھپن چھپائی “ نے ابتدائی 25روز تک 7 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ فلم 10کروڑ تک پہنچے گی،اس حوالے سے فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فلم کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز کیا جاتا تو یہ40 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس آسانی سے حاصل کر سکتی تھی تاہم موجودہ حالات میں 7 کروڑ کا بزنس بھی ایک اچھا ٹارگٹ قرار دیا جا سکتا ہے، مستقبل میں فلمسازی کے لئے بھرپور منصوبہ بندی کر کے اس کو بین الاقوامی سطح پر بھی ریلیز کرنے سے بڑے مثبت نتائج نکلیں گے جس سے فلم انڈسٹری بھرپور فروغ پائے گی۔

 

حافظ سعید کے خیراتی ادارے قبضے میں لینے کیلئے پاکستان کی اعلیٰ ترین شخصیت پرعزم

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ حافظ سعید کے خیراتی ادارے حکومتی قبضے میں لینے کےلئے پر عزم ہیں اور امریکا کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو کمزور کرنے سے باز رہے۔ ادھر جنرل الیکٹرک کے گیس ٹربائن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل الیکٹرک کے گیس ٹربائنز میں اب بھی کچھ تکنیکی مسائل ہیں لیکن وہ پر امید ہیں کہ امریکی کمپنی ان پر قابو پا لےگی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کو دیے گئےایک انٹرویومیں وزیر اعظم شاہد خاقان نےکہاکہ انکی حکومت حافظ سعید کے خیراتی اداروں کو قبضے میں لینے کے منصوبے کیساتھ آگے بڑھے گی، حکومت ان خیراتی اداروں کو قبضے میں لے گی جن پر پابندی عائدہے ۔ جماعت الدعو اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کو قبضے میں لینے کے حوالےسے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم عباسی نے کہا کہ حکومت کو طاقتور فوج کی حمایت حاصل ہے، ہم سب ایک صفحے پر ہیں، ہر کوئی اقوام متحدہ کی پابندیوں پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہےتاہم انہوں نے حتمی تاریخ دینے سے انکار کیا۔ جماعت الدعو اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی جانب سے ماضی میں کہا جاچکا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے قبضےمیں لینےکی کوشش کی گئی تو وہ قانونی راستہ اختیار کرینگے۔وزیر اعظم عباسی نےامریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ ٹوئٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا ٹوئٹ ناقابل قبول ہے، افغانستان میں امریکی ناکامی پر پاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنایا جاسکتا ، اسے ہم تسلیم نہیں کرسکتے کیوں کہ پاکستان سے زیادہ کسی نے اس جنگ میں قربانیاں نہیں دیں۔

ایوارڈکےلئے نامزدگی ہمارے اداکاروں کی قابلیت کا اعتراف ہے

لاہور(شوبز ڈیسک)معروف اداکارہ صباءقمر نے کہا ہے کہ میں ودیا بالن کو فلم فیئر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دیتی ہوں ، بھارتی فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کے طور پر میری نامزدگی سب سے یادگار لمحہ تھا، گوکہ میری فلم ” ہندی میڈیم “ کو بہترین فلم اور میرے مد مقابل کردار ادا کرنے والے عرفان خان کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ،میں سمجھتی ہوں کہ یہ ایوارڈ بھی میرا ہی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ صبا قمرنے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ بہترین اداکارہ کے طور پر ودیا بالن ، سری دیوی جیسی سینئر اداکاراﺅں کے ساتھ مقابلہ تھا جس میں ودیا بالن کو بہترین اداکارہ قرار دیا گیا، مجھے ایوارڈ نہ ملنے کا کوئی دکھ نہیں بلکہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں پہلی پاکستانی اداکارہ ہوںجس کو بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد کیا گیا۔
، فلم فیئر ایوارڈ میں میرا نام شامل ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بالی ووڈ میں ہمارے اداکاروں کی قابلیت کا اعتراف کیا جاتا ہے اور اگلی کسی فلم میں موقع ملا تو اپنی اداکاری سے ضرور ایوارڈ حاصل کروں گی،میں اپنے ان تمام پاکستانی اور بھارتی پرستاروں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا۔

 

ایشوریا رائے کے نام فرسٹ لیڈیز ایوارڈ

نئی دہلی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ سپر سٹار ایشوریا رائے کو بھارتی صدر نے فرسٹ لیڈیز کا ایوارڈ دیا جس سے ان کے ایوارڈ کی تعداد میں ایک اور اہم ایوارڈ کا اضافہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ایوارڈ کی تقریب نئی دہلی کے صدارتی ہاﺅس میں ہوئی ۔ایشوریا رائے کو یہ ایوارڈ مشہور عالمی فلمی فیسٹیول کانز میں بھارت کی نمائندگی کرنے پر دیا گیا،وہ بھارت کی پہلی اور تاحال واحد اداکارہ ہیں جو کانز کی جیوری میں شامل ہیں۔ بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے ہندوستان بھر کی 112 خواتین کو اس ایوارڈ سے نوازا،جن 112 خواتین کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔
،انہوں نے اپنی اپنی فیلڈز میں اہم کارنامے سر انجام دیے۔

 

انڈسٹری کی ترقی کےلئے حکومت فلم میکرزکی مددکرے

لاہور(شوبز ڈیسک )اداکارہ وماڈل ژالے سرحدی نے کہا کہ اپنا پیغام اورپاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا تک پہنچانے کیلئے فلم بہترین ذریعہ ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ژالے سرحدی نے کہا کہ پاکستان میں اچھی فلمیں بن رہی ہیں، نوجوان فلم میکربڑی محنت کے ساتھ کام کررہے ہیں لیکن اس نئے سفرمیں اب حکومت کی سپورٹ ضروری ہے۔ دنیابھرمیں جہاں بھی فلمیں بنائی جاتی ہیں، وہاں پرحکومت فلم میکرز کوسہولیات فراہم کرتی ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں اس پرکچھ خاص توجہ نہیں دی جاتی۔ایک سوال کے جواب میں ژالے سرحدی نے کہا کہ کوپروڈکشن وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن اس سلسلہ میں صرف چین کیساتھ ہی نہیں بلکہ دوسرے ممالک کے ساتھ بھی فلم سازی ہونی چاہیے کیونکہ اپنا پیغام اورپاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا تک پہنچانے کیلئے فلم بہترین میڈیم ہے

۔ژالے سرحدی نے کہا ہے کہ فلم بنانا آسان کام نہیں کیونکہ پروڈیوسرکو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت تعاون کے ساتھ ساتھ ٹکٹ کی شرح کم کرے، اگر انڈسٹری کو آگے بڑھانا ہے توفلم میکرکی مددکی جائے، پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، چین کے ساتھ مشترکہ فلم سازی کے لیے حکومت کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، شائقین ہمیشہ اچھی فلموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

 

پی ایس ایل 3کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان

لاہور(نیوزایجنسیاں) پی ایس ایل تھری کے لیے کمنٹری پینل کا انتخاب کر لیا گیا، پہلے 2 سیزنز کی طرح تیسرے ایڈیشن میں بھی دنیا کے بہترین کمنٹیٹرز کو لایا گیا ہے۔پاکستان کے مایہ ناز کمنٹیٹر رمیز راجہ کے ساتھ ڈینی موریسن، ایلن ولکنز اور بازید خان شامل ہیں جب کہ بعد ازاں انہیں سابق آسٹریلوی اسٹارز مائیکل سالٹر اور ڈیمن فلیمنگ بھی جوائن کریں گے، ویسٹ انڈیز کے سابق اوپننگ بیٹسمین ڈیرن گنگا بھی پی ایس ایل کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہوگا، 2 پلے آف میچز لاہور جب کہ ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔

آسٹریلین اوپن،اعصام کی کوارٹرفائنل میں سیٹ پکی

میلبورن(آئی این پی)پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی اور مارسین میٹکوسکی نے آسٹریلین اوپن ڈبلز کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سیمی فائنل میں رسائی کے لئے امریکا کے بریان برادرز سے مقابلہ ہوگا۔میلبرون میں جاری ٹینس گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن میں اعصام الحق قریشی اور مارسین میٹکوسکی نے ڈبلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔پاک پولش جوڑی کو مالدووا کے راڈوا لبوٹ اور کورین ہیونگ چانگ کے خلاف واک اوور مل گیا جو انجری کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔سیمی فائنل میں رسائی کے لئے اعصام الحق اور میٹکوسکی کا مقابلہ امریکا کے بریان برادرز مائیک اور بوب سے ہوگا۔