بینظیر بھٹو کا منفرد اعزاز

اسلام آباد(میگزین رپورٹ) مسلم دنیا اور پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے 28برس قبل 1990میں دوران وزارت عظمیٰ ایک بچے (بختاور بھٹو) کو جنم دیاتھا ان کا یہ اعزاز آج تک کوئی خاتون وزیر اعظم برابر نہیں کر سکیں تھیں تاہم اب یہ اعزاز نیوزی لینڈ کی نوجوان خاتون وزیر اعظم جینڈا ایرڈن برابر کرنے جارہی ہیں نیوزی لینڈ کی 150سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم بننے والی جینڈا ایرڈن نے دو دن قبل اپنے انسٹاگرام پر اس بات کا اعلان کیا کہ وہ امید سے ہیں 37 سالہ ایرڈن نے اعلان کیا کہ رواں برس جون میں ان کا خاندان 2 افراد سے بڑھ کر 3افراد پر مشتمل ہو جائے گا اور ایک وزیر اعظم کی حیثیت سے والدہ بنیں گی۔ نیوزی لینڈ کے نشریاتی ادارے” نیوز ہب ڈاٹ کو ڈاٹ این زیڈ“ نے بتایا کہ جینڈا ایرڈن نے اپنے امید سے ہونے کی خبر 13 اکتوبر2017کو دی تاہم انہوں نے اس وقت اس خبر کو راز میں رکھا واضح رہے کہ جینڈا ایرڈن نے نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیر اعظم کا عہدہ 19اکتوبر 2017کو سنبھالا تھا۔

پی آئی اے ،تین سال کے خسارے نے سب کی آنکھیں کھول دی

اسلام آ باد (خصوصی رپورٹ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کو گزشتہ تین سال کے دوران 114ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ گزشتہ تین سال کے دوران پی آ ئی اے کی آ مد ن 279ارب رہی۔ ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق 2016-17 ءمیں پی آ ئی اے کی آمدنی 89ارب، 2015-16ءمیں 91.27ارب جبکہ 2014ءمیں 99.52ارب رہی۔ 2016ءمیں پی آ ئی اے کا خسارہ 45.38ارب، 2015ءمیں 37.53 ارب اور 2014ءمیں خسارہ 31.74 ارب رہا۔

حکومت کو پریشانی ،ایک اور ہڑتال

کراچی(خصوصی رپورٹ)آئل ٹینکرز مالکان نے آج (پیر)سے پی ایس او کے پٹرول پمپس کو تیل کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کردیا۔ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین میر شمس شاہوانی کی زیر صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ہڑتال پی ایس او پمپس کو این ایل سی کے ٹینکرز کے ذریعے تیل کی فراہمی کیخلاف کی جارہی ہے ۔

حسین حقانی کے خلاف مقدمہ ،حقائق سامنے آگئے

کوہاٹ (خصوصی رپورٹ) سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے خلاف 3تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ کوہاٹ پولیس کے مطابق مقدمات میں حسین حقانی پر غداری کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ مقدمات تھانہ کینٹ‘ تھانہ سٹی اور تھانہ بلی ٹنگ میں درج کئے گئے ہیں۔ مقدمات میں الزام لگایا گیا ہے کہ حسین حقانی نے امریکہ میں رہتے ہوئے منفی پراپیگنڈا کر کے پاکستان کا امیج خراب کیا۔ حسین حقانی نے کہا کہ لگے رہو منا بھائی‘ ایسے تماشوں سے پاکستان کا وقار نہیں بڑھ رہا۔ پانچ سال پرانے میمو کیس کا فیصلہ بھی نہیں آیا اور الزام لگانے والے غائب ہیں۔ مخالف میری کتابوں اور دلائل کا جواب دیں۔ کیس درج کرانے والے کتاب پڑھیں۔

پاکستان کا اقوام متحدہ کی ٹیم کو انکار ،وجہ بھی سامنے آگئی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) سفارتی ذرائع نے کہا ہے پاکستان رواں ہفتے آنے والی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی پابندی کمیٹی کو جماع الدعو کے امیر حافظ سعید اور ان کے اداروں تک براہ راست رسائی نہیں دیگا۔ وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے دی نیشن کو بتایا کہ سلامتی کونسل کی ٹیم کا دورہ پاکستان پر دباﺅ بڑھانے کیلئے نہیں رکھا گیا۔ 2 روزہ دورہ 26 جنوری سے شروع ہوگا۔ ایک عہدیدار نے بتایا سلامتی کونسل ٹیم حکومتی اطلاعات پر بات چیت کرنے اور اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق امور کا جائزہ لے گی اور وہ حافظ سعید تک رسائی کا مطالبہ نہیں کرے گی، تاہم اگر ایسا ہوا تو اسے اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا یہ دورہ شیڈول کے مطابق ہے۔ ایک دوسرے عہدیدار نے بتایا کہ سلامتی کونسل ٹیم پاکستانی حکام سے ان تنظیموں پر بات چیت کرے گی جن پر پابندیاں ہیں۔ انہوں نے کہا ہم اقوام متحدہ کی پابندیوں پر عمل کررہے ہیں اس لئے گھبراہٹ کی کوئی بات نہیں اور ہم ان کے سوالوں کے جواب دینے پر تیار ہیں۔

 

بھارتی وزیر داخلہ اوقات سے باہر ،پاکستان میں فوجی کاروائی کی گیڈر بھبکی

نئی دہلی‘ لکھنو ¿ ( خصوصی رپورٹ) بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ نے گیدڑ بھبکی دی ہے کہ بھارتی فوج پاکستان میں بھی گھس کر کارروائی کر سکتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے لکھنو میں بھارتیہ ریلوے مال گودام شرمک سنگھ کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف اپنی سرزمین بلکہ دوسرے ملک میں بھی گھس کر دشمن کے خلاف فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔ چند ماہ قبل پاکستان نے بھارت کے 17فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سنگین مسئلہ پر تمام اعلیٰ حکام سے مشاورت کی جس کے بعد بھارتی فوج نے پاکستان میں داخل ہو کر وہاں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی۔ راج ناتھ نے دعویٰ کیا کہ دنیا میں بھارت ایک مضبوط ملک کے طور پر سامنے آ رہا ہے اور ہم نے دنیا کو ٹھوس پیغام دیا کہ ہم نہ صرف اپنے ملک کے اندر بلکہ دشمن کی سرزمین کے اندر بھی اس کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت تو پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستان ہمارے ساتھ خوشگوار مراسم قائم کرنا نہیں چاہتا۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت بھارت کا سر نہیں جھکنے دے گی۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جبکہ کئی ماہ سے جاری بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں متعدد پاکستانی شہری اور پاک فوج کے جوان شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچ غلط ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی پاکستان کے گرد گھومتی ہے۔ بھارت کی خارجہ پالیسی دنیا کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں مرتب کی جاتی ہے۔ ہم کسی ایک ملک کو الگ کرنے کیلئے کام نہیں کر رہے لیکن دنیا کو دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونا چاہئے۔ انسانیت خطرے میں ہے اور اسے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ جو طاقتیں انسانیت پر یقین رکھتی ہیں وہ متحد ہو جائیں۔
بھارتی وزیر داخلہ

 

باب پاکستان کا ڈیزائن تبدیل ،عدلیہ بھی برہم

لاہور( نیا اخبار رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد نے امجد مختار چوہان کے 22 سال قبل بنائے جانے والے باب پاکستان کے نقشے کے مطابق تعمیر کی ہدایت کردی۔ جسٹس شاہد نے نامور ڈیزائنر امجد مختار چوہان کی طرف سے دائر رٹ پر حکم صادر کیا۔ باب پاکستان کی تعمیر کا چوتھی بار فیصلہ کر لیا گیا اور اس کیلئے تقریبا ساڑھے 4 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ باب پاکستان کیوں اہمیت کا حامل ہے ؟ ماضی میں یہ 3 مرتبہ کیوں نہ بن سکا؟ والٹن روڈ پر بانی پاکستان \ قائداعظم محمد علی جناح نے 1947 میں اس جگہ پر قائم مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا تھا پھر اس جگہ کا نام باب پاکستان رکھا گیا، ماضی میں اربوں روپے کے فنڈز مشرف دور میں آئے مگر تعمیراتی کام آگے نہ بڑھ سکا۔ باب پاکستان کی یاد گار کا سنگ بنیاد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے رکھا تھا وہاں پر ایک یاد گار بھی بنائی گئی مگر بعد میں سابق صدر پرویز مشرف نے اس قومی یاد گار کو ختم کرکے نئے سرے سے تعمیرات شروع کیں جس کیلئے ایک ارب مختص کئے گئے مگر یہ قومی پراجیکٹ بھی سیاست کی نذر ہوگیا اور 25فیصد تعمیراتی کام کرنیوالی حسنین کنسٹر کشن کمپنی کو ایڈوانس رقم ادا کر دی ، بعد میں تحقیقات پر اس کمپنی کو بلیک لسٹ قرار دیدیا گیا۔ دو ارب 40 کروڑ میں سے فرم کو ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی کر دی گئی تھی جس سے صرف ایک سکول تعمیر کیا گیا اور صرف 80 لاکھ کاکام ہونے کے باوجود کمپنی کو ایڈوانس رقم دیدی گئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے حکم پر معاملے کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی کمیٹی بنائی گئی جس میں سابق چیف سیکرٹری جاوید محمود، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، پراجیکٹ ڈائریکٹر باب پاکستان شامل تھے اور کمیٹی نے کروڑوں روپے کی کرپشن کی نشاندہی کی۔

 

یورپی یونین کا پاکستان سے بڑا مطالبہ،جان کر آپ بھی حیران ہوگئے

لاہور (نیا اخبار رپورٹ) یورپی یونین نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت کو مزید برقرار رکھنے کیلئے کرپشن، سزائے موت کے قانون کے خاتمے سمیت، 27 عالمی کنونشنز پر مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا، اور مزدوروں کے حقوق، اچھی گورننس اور پائیدار ترقیاتی اصولوں کا فروغ خواتین کی اختیارگی، بچے اور جبری مزدور تشدد، غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ اور موسیاتی تبدیلی جیسے مسائل پر مزید عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ گزشتہ روز یورپین یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کے بدلے 27 عالمی کنونشنز پر عملدرآمد کی 2 سالہ جائزہ رپورٹ جاری کر دی گئی ۔ رپورٹ میں کہا ہے کہ تجارت ترقی کیلئے ایک انجمن کے طور پر کام کرتا ہے اور انسانی اور مزدوروں کے حقوق، اچھی گورننس اور پائیدار ترقیاتی اصولوں کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل اور عصمت دری کے خلاف نئی قانون سازی ایک اچھی پیش رفت ہے۔ تا ہم متعلقہ قانون سازی کے عمل نفاذ کو ممکن بنایا جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے 2 سالوں کے دوران، یورپی یونین پاکستان سمیت ہر جی ایس پی کے فائدہ منہ ملک کے ساتھ ضروری ترجیحات طے کرے گا، جس کے تحت جی ایس پی کی نگرانی کے مشن کو مزید منظم کیا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان سمیت جی ایس پی کے تحت فائدہ اٹھانے ولا ملک اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرتے ہیں تو جی ایس پی کو واپس نے لیا جا سکتا ہے ۔ جی ایس پی، ریگولیشن کے 19 سب سے اہم بات انسانی حقوق اور لیبر کے حقوق کے کنونسنوں پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرنا ہے۔ یہ اقوام متحدہ کے 7 انسانی حقوق اور 8 بین الاقوامی بنیادی لیبر کے حقوق کنونشن ہیں۔ رپورٹ میں سزائے موت کے دوبارہ احیائ، ملک میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی حراست، اقلیتوں کو اندرون ملک درپیش مسائل کے تسلسل اور نئے قوانین پر عمل درآمد میں کمزوری یا پیشرفت میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل کنونشن سول اور سیاسی حقوق کی سق نمبر 6 میں واضح کیا گیا ہے کہ ہر انسان کو زندگی کا حق ہے۔

طاہر القادری کینڈا چلے گئے تو کیا ہو گا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سنیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ تحریک کا دارومدار طاہر القادری پر ہے۔ وہ دوبارہ کینیڈا جا کر بیٹھ گئے تو تحریک نہیں چلے گی۔ طاہرالقادری کا کندھا الیکشن کیلئے استعمال نہیں ہو گا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں کمزور جلسوں سے ہی تحریکوں کا آغاز ہوا۔ تحریکوں میں شفافیت ہو تو وہ کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔ وکلاءتحریک سے زیادہ مضبوط اور کامیاب کوئی تحریک نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ سٹیج شیئر کرنے سے ہمارا جیالا ناراض نہیں۔ سینٹ میں تحریک انصاف کی وجہ سے 203 سی پاس ہوئی۔ سپریم کورٹ کا تاریخی طور پر بھی اور ابھی بھی نواز شریف کے ساتھ نرم رویہ رہا ہے۔ نواز شریف ابھی تک لاڈلے ہیں۔ عمران خان لاڈے ہیں یہ ماننے کو تیار نہیں۔ اقامہ منی لانڈرنگ سے بھی زیادہ سنگین جرم ہے۔ اگر وزیر اعظم یا وزیر خارجہ کا اقامہ نکلے تو آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے۔ عدالت نے ن لیگ کو 2 گفٹ دے دیئے ہیں۔ حدیبیہ اور اورنج ٹرین عمران خان اور شیخ رشید کا پارلیمنٹ سے متعلق بیان برا لگا۔ عمران کو شیخ رشید کی بات دہرانی نہیں چاہیے تھی۔ پارٹی صدارت قانون کی منظوری میں پی ٹی آئی بھی شامل تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف عدلیہ کو دفاعی پوزیشن پر لے آئے ہیں۔ پانامہ سے زیادہ اقامہ کا مسئلہ سنگین ہے ٹرمپ بھی سعودی کمپنی کا ملازم ہوا تو اسکا بھی مواخذہ ہو گا۔ اسکا اقامہ نکلتا تو اب تک جیل میں ہوتا۔ مودی اگر نشاط ٹیکسٹائل کا ملازم نکلے تو اسکا بھی مواخذہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میں دراڑ پڑ چکی ہے، بھائی بھائی پر اعتبار نہیں کر رہا۔ عدلیہ اور فوج سے ٹکراﺅ کی نواز شریف کی لائن سیاسی طور پر بہتر نہیں۔ اگر نااہل وزیر اعظم کہتے ہیں کہ فیصلہ ججز سے لکھوایا گیا ہے تو لکھوانے والا کا نام بتاﺅ۔ پیپلزپارٹی اسلامی واحد جماعت ہے جو قربانی دے سکتی ہے۔ پی پی نے ہر دور میں مار کھائی پھر بھی وہ کھڑی ہے۔ نواز شریف تو مشرف سے معاہدہ کر کے سرور پیلس چلے گئے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی سعودی عرب میں کسی شہزادے سے ملاقات نہیں ہوئی۔