اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں ایل این جی معاہد ے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کو نا اہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، ہفتے کے روز وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعہ دائر کی گئی درخواست میں شیخ رشید کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایل این جی کے معاہدہ میں قوانین کو مد نظر نہیں رکھا گیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایل این جی معاہدہ میں سپریم کورٹ کی ہدایات کو مد نظر نہیں رکھا، عدالت ایل این جی معاہدہ کو کلعدم قرار دے دے اور شاہدخاقان عباسی کی نا اہل قرار دے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ معاہدہ کے تحت ایک نجی کمپنی کو یومیہ 27ملین ادا کرنے ہونگے، سوئی سدرن کے ایم ڈی کو رینٹل معاہدہ کرنے کے لئے اس وقت کے وزیر پٹرولیم پر دباو¿ ڈالا، ایل این جی کی خریداری کے لیئے شاہد خاقان عباسی نے ایم ڈی پی ایس او پر بھی دباو¿ ڈالا لیکن انہوں نے انکار کردیا اور انکار پر نیا ایم ڈی شاہد اسلام کا تقرر کیا گیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ غیر قانونی معاہدہ کے ذریعہ پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، قطری کمپنی پاکستان کو ایل این جی 2015 سے سپلائی کر رہی ہے، پی ایس او ویب سائٹ پر جاری معاہدہ پر عمل درآمد 8 فروری 2016 سے ہوا۔سوال اٹھتا ہے جون 2015 سے جنوری 2016 تک قیمتیں کیا تھیں، معاہدہ کے بغیر ایل این جی کی برآمدخلاف قانون ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ خلاف قانون برآمد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایمانداری پر شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں ، عوامی منصوبوں کے ٹھیکے جاری کرتے وقت شفافیت ضروری ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بنیادی حقوق کا معاملہ قرار دیتے ہوئے سماعت کے لیئے مقرر کرے اور بددیانتی کی بنیاد پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نا اہل کرنے کے احکامات جاری کرے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ معاہدہ کے ذریعہ لوٹی ہوئی رقم اور بناے گئے اثاثے ضبط کیے جائے۔درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عدالت اہل اور ایماندار شخص کو چیرمین اوگرا تعینات کرنے کے احکامات جاری کرے اور چیئرمین نیب کو قانون کے مطابق کاروائی کرنے کا حکم دے۔درخواست میں شیخ رشید نے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی مانگ ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی لانے والے اور کمیشن کھانے والوں کو بے نقاب کریں گے ۔ نہال ، طلال اور دانیال نواز شریف اور مریم نواز سمیت جیلوں میں جائیں گے۔ نواز شریف خود ڈکٹیٹر کی پیداوار ہیں کس منہ سے ڈکٹیٹر آنے کا شکوہ کرتے ہیں سپریم کورٹ کے باہر شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے وعدہ کیا تھا ایل این جی کیس کرپشن کیس میں مسلم لیگ(ن)کی حکومت کو بے نقاب کریں گے کیونکہ یہ دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی پاکستان میں درآمد کر رہے ہیں جس میں بے تحاشا کمیشن لئے گئے ہیں تاریخ کے سب سے مہنگے ایل این جی معاہدہ کے دستاویزات نکالنا بڑا مشکل کام تھا لیکن ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ان کو عدالت میں کھڑا کریں گے انہوں نے نواز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود فوجی ڈکٹیٹر کی پیداوار ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ یہاں ڈکٹیٹر آتے ہیں شیخ رشید نے کراچی میں جمہوریت کے مستقبل کے بارے میں کئے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ضیاءالحق کے دس سال تاریخ سے کیوں نکال لیتے ہیں شیخ رشید نے کہا کہ نہال ، طلال اور دانیال اپنے لیڈر نواز شریف اور مریم نواز سمیت جیل کی سلاخوں کے پیچھے جائیں گے ۔ نواز شریف نے خود مشرف کو باہر بھیجا اور اب چیخ رہا ہے شیخ رشید نے مزید کہا کہ ان کو جسٹس قیوم اور جنرل بٹ چاہئے لیکن سپریم کورٹ ان کو ایسی سزا دے گی کہ یہ قیامت تک یاد رکھیں گے ۔