لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ جاتی امراءوالے کشمیر کا غم نہیں رکھتے، کشمیر پاکستان اور پیپلز پارٹی کی شہ رگ ہے۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور پیپلز پارٹی کی شہ رگ ہے، جاتی امراءوالے کشمیریوں کا غم اور پاکستان کی سوچ نہیں رکھتے، آپ کشمیر جا کر کشمیر کی بات نہیں کرسکتے تو وہاں جاتے ہی کیوں ہیں؟ آپ نے ہمارا اور پاکستان کا مینڈیٹ چوری کر لیا آپ نے جمہوریت کو سمجھا نہ مضبوط کیا آپ نے اپنی طاقت بڑھانے کے لیے پاکستان کی جڑیں کاٹی ہیں۔ آصف علی زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف نے اپنی بادشاہت مضبوط کرنے کیلئے پاکستان کی جڑیں کاٹیں، اب ہم ایسے درندے کو برداشت نہیں کر سکتے۔ سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب غریبوں، مزدوروں اور ہاریوں کے چور ہیں جو ہر چیز پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف نے اپنی بادشاہت مضبوط کرنے کیلئے پاکستان کی جڑیں کاٹیں، اب ہم ایسے درندے کو برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پچھلے جلسے میں کہا تھا کہ ہم جب چاہیں ان کی حکومت گرا سکتے ہیں، اس بار نواز شریف کو چھوڑ دیا تو شاید اللہ بھی معاف نہ کرے۔ عوام کا حق کھانے والے ایسے درندے کو اب برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت نے ساڑھے چار سالوں میں پاکستان کی تاریخ کا تین گنا زیادہ قرضہ لیا گیا، یہ قرضہ کون اتارے گا؟ سابق صدر کا کہنا تھا کہ عدالت میں حکومت نے کہا کہ مشرف کے جانے سے کوئی اعتراض نہیں، اب انہیں یاد آ رہا ہے کہ مشرف کو لائیں گے۔ ہمیشہ کہا ہے کہ مشرف کو ہم لائیں گے اور سزا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف ہمارے لئے ڈکٹیٹر کی نشانی تھی۔ ہم مشرف کو نکالنا چاہتے تھے، اسی لیے پنجاب ان کو دیا۔ ہم نے اقتدار میں آ کر مشرف کو نکالا، اب کوئی ڈکٹیٹر حکومت کرنے کا سوچ نہیں سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنے گاﺅں کا نام جاتی امراءرکھتے ہیں لیکن کشمیریوں کا غم اپنے پاس نہیں رکھتے۔ میاں نواز شریف نے آج کشمیر میں جا کر بھی کشمیرکی بات نہیں کی۔ بہت سے لوگ کشمیریوں کیساتھ وفا نہیں کرنا چاہتے لیکن پیپلز پارٹی کشمیریوں سے وفا کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ سی پیک کی طاقت کا انہیں پتہ ہی نہیں، یہ سمجھتے ہیں سی پیک قرضہ لینے کی تنظیم ہے۔ پاکستان مضبوط ملک ہے، اسے صیح طریقے سے چلانا ہو گا۔ زرداری کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوری کرنے کے باوجود ہم نے انہیں موقع دیا لیکن اب ہم پاکستان کو دوبارہ بنائیں گے، آئندہ الیکشن میں کوئی بھی ووٹ چوری نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جب بھی کوئی دعویٰ کیا اسے پورا کر کے دکھایا، پچھلی دفعہ کہا تھا ان کی حکومت گرا سکتا ہوں، بلوچستان کو ان کے خوف سے نکالا، انہوں نے خود لیڈرشپ بنائی۔ وعدہ کرتا ہوں آئندہ شفاف الیکشن ہو گا چاروں صوبوں سے جیتیں گے۔ ہم نے پارلیمنٹ سے بل پاس کروا لیا، اب دھاندلی نہیں ہو سکے گی۔