لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے دہشتگردی کی کارروائیوں کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ دہشتگرد وی وی آئی پی شخصیات سمیت سکول، کالجز ، یونیورسٹیوں سمیت شاپنگ مالز کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔تھریٹ الرٹ جاری ہونے کے بعد آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کو سکیورٹی فول پروف بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ آئی جی آفس کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں بتایا کہ این ڈی ایس (نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی) پاکستان کے دیگر علاقوں سمیت لاہور میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ دہشتگردی کی کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر پولیس افسران کو سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سکول ، کالجز اور یونیورسٹیوں سمیت شاپنگ مالز، اہم مساجد ، چرچز اور دیگر اہم عمارتوں کے ارد گرد سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس ضمن میں تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ جات میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کاسرچ آپریشن بائیو میٹرک مشینوں کی مدد سے کیا جائے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ مشکوک گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
