اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے باغی رکن اسمبلی ضیاءاللہ آفریدی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق عمران خان کا ریفرنس خارج کردیا اور انہیں رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔الیکشن کمیشن نے ضیاءاللہ آفریدی کو نااہل قرار دینے کے حوالے سے عمران خان کے ریفرنس پر 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا اور ضیا اللہ آفریدی کو رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔ضیااللہ آفریدی کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کی جس پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا جب کہ انہوں نے کسی اور پارٹی میں بھی شمولیت اختیار نہیں کی۔ضیااللہ آفریدی کے وکیل لطیف کھوسہ نے گزشتہ سماعت پر مو¿قف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل نے آصف زرداری سے ہاتھ ملایا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ پارٹی میں شمولیت کر لی، کسی پارٹی سربراہ سے ملنا کوئی جرم نہیں۔دوسری جانب عمران خان کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ضیاءاللہ آفریدی نے پارٹی قواعد کی خلاف ورزی کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کردہ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا ریفرنس مسترد کردیا اور ضیاءاللہ آفریدی کو رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔