نیویارک(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو نے تسلیم کیا ہے کہ بھارت نے سی پیک کو سبوتاڑ کرنے کے لئے نیٹ ورک تیار کررکھا ہے اس لئے یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ کراچی میں چینی باشندوں کی ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس میں مختلف دھڑے موجود ہیں جو اپنی اپنی پسند کے بل متعارف کراتے رہتے ہیں لیکن ہماری جو امریکہ کی انتظامیہ سے بات چیت ہوئی ہے اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ امریکا پاکستان کو دی جانے والی اقتصادی امداد نہیں روکے گا۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ خطے میں امن کے حوالے سے امریکا اور پاکستان دونوں برابر کی اہمیت کے حامل ہیں اور بالخصوص افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو امریکا کا مددگار ثابت ہوسکتا ہے لہذا دونوں ممالک کو ایک دوسرے پر تنقید کرنے کے بجائے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے
