کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان سپری لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میچ کے لئے فل ڈریس ریہرسل جاری ہے۔پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تعینات ہیں جب کہ سوک سینٹر، ڈالمیا، کارساز اور نیو ٹاو¿ن سے اسٹیڈیم کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔ریہرسل کے سلسلے میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اہلکار اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہے جب کہ پی ایس ایل فائنل کی ریہرسل کے لئے سیکیورٹی قافلہ ایئرپورٹ سے ہوٹل کے لئے روانہ ہوگیا جس میں غیر ملکی سیکورٹی ماہرین بھی موجود ہیں۔ ہیلی کاپٹرز بھی سیکیورٹی ڈریس ریہرسل میں نگرانی کر رہے ہیں، کسی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے موبائل اسپتال بھی موجود ہے جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف تعینات ہے جب کہ فوری ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھی موجود ہے۔
